گوجرانوالہ۔ 09 جون (اے پی پی):صغیرشہید پارک نوشہرہ روڈ سے ملحقہ 35کنال سرکاری اراضی پر120بیڈزکاسرکاری ہسپتال بنانے کیلئے سمری تیارکرکے وزیراعلی پنجاب کوبھجوادی گئی ہے،ہسپتال کیلئے فنڈزموجودہ مالی سال کے صوبائی بجٹ میں رکھے جائیں گے اوراس پرایک سال کےاندرکام مکمل ہوجائیگا،اس منصوبے پر 73کروڑروپے لاگت آئیگی جس میں تین کروڑروپے سے چاردیواری بنائی جائے گی جبکہ 70کروڑ روپے ہسپتال کی بلڈنگ اورمشینری کی خریداری پرصرف ہوں گے،
ان خیالات کااظہار قومی اسمبلی کے رکن شاہدعثمان ابراہیم نے کیاانہوں نے بتایا کہ پنجاب حکومت نے مسلم لیگ ن کے تمام ارکان قومی وصوبائی اسمبلی سے ایک ایک ارب روپے مالیت کی ترقیاتی اسکیمیں طلب کی ہیں تاکہ انہیں رواں ماہ پیش ہونے والے صوبائی بجٹ میں منظور کیا جاسکے،
انہوں نے کہا کہ اندرون شہر کے لوگوں کا سب سے بڑا مسئلہ سرکاری ہسپتال تک فوری رسائی نہ ملنا ہے کیونکہ انہیں علاج معالجہ کیلئے سول لائن یا گوندلانوالہ جانا پڑتا ہے اس لئے انہوں نے ایک ارب روپے گلیوں نالیوں پر خرچ کرنے کی بجائے ٹی ایچ کیو لیول کا سرکاری ہسپتال بنانے کوترجیح دی، انہوں نے کہا کہ اس ہسپتال میں آئوٹ ڈور وارڈ اورایمرجنسی سمیت تمام سہولیات میسر ہوں گی اور اندرون شہرکے لوگ صحت کی ان سہولیات سے بھرپور استفادہ کرسکیں گے ،
شاہد عثمان ابراہیم نے بتایا کہ وہ 12کروڑ روپے کی لاگت سے پینے کے صاف پانی کی سکیمیں اور 15کروڑ روپے کی لاگت سے سڑکوں، سیوریج اور دیگر سکیمیں مکمل کروائیں گے، سابق وفاقی وزیر اور مسلم لیگ نون کے سینئر رہنما بیرسٹر عثمان ابراہیم نے کہا کہ مسلم لیگ نون عوام کیلئے سہولیات اور تعمیر و ترقی چاہتی ہے
، ہم باتیں نہیں بلکہ عملی کام کرنے کو ترجیح دیتے ہیں، انہوں نے کہا کہ ہمارے دروازے تمام شہریوں کیلئے بلاتفریق کھلے ہیں، پنجاب حکومت سے ملنے والے عوام کے فنڈز کا بہترین استعمال کریں گے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ ان سے مستفید ہوسکیں۔