گوجرانوالہ،جیلوں میں قیدیوں کے علاج معالجہ کیلئے ہیلتھ کونسل تشکیل

69
گوجرانوالہ،جیلوں میں قیدیوں کے علاج معالجہ کیلئے ہیلتھ کونسل تشکیل

گوجرانوالہ۔ 05 اپریل (اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کے احکامات پرقیدیوں کےعلاج معالجے کیلئے انقلابی اقدام،6سپیشلائزڈ شعبوں کے ماہرین کی خدمات قیدیوں کو فراہم کی جائیں گی،میڈیکل آفیسر بھی24 گھنٹے دستیاب رہے گا، قیدیوں کی صحت کے معاملات دیکھنے کیلئے خصوصی کمیٹی(ڈسٹرکٹ پریزنز ہیلتھ کونسل) تشکیل دے دی گئی ہے

، ڈپٹی کمشنر محمد طارق قریشی کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ پریزن ہیلتھ کونسل کا پہلا اجلاس ڈپٹی کمشنر آفس میں منعقد ہوا ،کمیٹی کے چیئرمین ڈپٹی کمشنر، وائس چیئرمین سی ای او ہیلتھ اتھارٹی، ایم ایس ڈی ایچ کیو، سپرنٹنڈنٹ جیل کمیٹی کے سیکرٹری اور مخیر حضرات سمیت 4 مزید ممبران کمیٹی کا حصہ ہونگے،

ڈاکٹرز اور دیگر افراد کو بھی مرحلہ وار شامل کیا جائے گا۔جیل ہسپتال میں گائنا کالوجسٹ، ڈینٹل سرجن، کنسلٹنٹ سرجن، فزیشن، سائکاٹرسٹ، میڈیکل آفیسرز، ایچ آر ڈیپارٹمنٹ کے علاؤہ اسٹاف پر ٹیمیں مشتمل ہونگی جس میں ڈاکٹرز، نرسنگ اسٹاف میل فی میل، ایل ایچ وی، ڈسپنسر، ٹیکنیشن، آپریشن تھیٹر اسسٹنٹ، لیب اسسٹنٹ، سٹور کیپر، ڈیٹا انٹری آپریٹر ‘دیگر ضروری اسٹاف ہمہ وقت اپنے فرائض سر انجام دے گا۔

جیل ہسپتال میں ماہرین ڈاکٹرزاہم شعبہ جات میں ہمہ وقت اپنی خدمات سر انجام دیں گے تاکہ جیل میں موجود قیدیوں کی صحت کا بہتر طریقے سے خیال رکھا جائے، جیل ہسپتال میں موجود میڈیکل اسٹور میں تمام ضروری ادویات ہمہ وقت دستیاب ہونگی۔

اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) شبیر حسین بٹ، سپر نٹنڈنٹ جیل آصف جان، سی ای او ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر معیز منصور، اے ایم ایس سول ہسپتال، ماہر نفسیات، میڈیکل آفیسر سنٹرل جیل گوجرانوالہ اور دیگر متعلقہ افسران شریک تھے کمیٹی کا آئندہ سے ماہانہ اجلاس جیل میں ہوا کرے گا جس میں تمام ضروری اقدامات بارے کمیٹی موقع پر تفصیلی جائزہ لینے کے بعد درکار اقدامات کرے گی۔