گوجرانوالہ،ممبران قومی وصوبائی اسمبلی کا عاشورہ محرم الحرام کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر دفتر میں قائم مرکزی کنٹرول روم کا دورہ

12

گوجرانوالہ۔ 30 جون (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر نوید احمد نے ممبران قومی وصوبائی اسمبلی شاہد عثمان ابراہیم، عمران خالد بٹ، قیصر اقبال سندھو کے ہمراہ عاشورہ محرم الحرام کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر دفتر میں قائم مرکزی کنٹرول روم کا دورہ کیا ۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ضلعی کنٹرول روم اور فیلڈ میں کام کرنے والے افسران اور متعلقہ محکموں کے نمائندے اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے ادا کریں تاکہ وطن عزیز میں امن و امان برقرار رکھا جاسکے۔ انہوں نے کنٹرول روم کے دورہ کے موقع پر کہا کہ مجالس و جلوسوں کے روٹس کی کڑی مانیٹرنگ کے لیے لگائے گئے کیمروں سے مشکوک سرگرمیوں پر نظر رکھیں، فیلڈ میں موجود افسران وعملہ سے مربوط کوارڈینیشن رکھیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کسی بھی صورت شرانگیزی اورامن وامان کو خراب کرنیکی کوشش کو برداشت نہیں کیا جاسکتا اور قانون نافد کرنے والے ادارے شرپسندوں کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے فوری طورپر نمٹنے کیلئے تیار ہیں۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نوید احمد نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع گوجرانوالہ میں یکم محرم الحرام سے 10محرم الحرام تک کل مجالس 1680منعقد ہو رہی ہیں اور چھوٹے وبڑے 473 جلوس برآمد ہوں گے۔ سیکیورٹی کے علاوہ 500 سے زائد سیف سٹی اورجدید آئی پی کیمروں سےسرویلنس کی جا رہی ہے۔ عزاداران کی سیکیورٹی کے لیے پولیس کی بھاری نفری اور رضا کار فرائض سرانجام دے رہے ہیں اور اس امر کو یقینی بنایا جارہا ہے کہ جلوسوں اور مجالس میں شامل ہونے کے لیے ہر فرد کو مکمل تلاشی اور شناخت کے بعد داخل ہونے دیا جائے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ کنٹرول روم میں بیٹھا مختلف محکموں کا عملہ اپنے متعلقہ محکموں کے فیلڈ افسران کیساتھ رابطہ میں ہے اورجومسائل سامنے آتے ہیں انہیں فوری طور پر حل کیا جاتا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ مرکزی کنٹرول روم میں ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن، پولیس، ریسکیو 1122، سول ڈیفنس، محکمہ صحت، جی ڈبلیو ایم سی

واسا، گیپکو، پی ٹی سی ایل، سوئی گیس، لوکل گورنمنٹس اوردیگر متعلقہ محکمہ جات کے اہلکار ڈیوٹی سرانجام دے رہے ہیں۔