گوجرانوالہ۔ 25 اپریل (اے پی پی):دی شائن ویلفیئر فاؤنڈیشن برائے مخصوص افراد گوجرانولہ میں ووٹ کی اہمیت کے بارے میں آگاہی پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ ووٹ صرف ایک حق نہیں ہے بلکہ ہر شہری کی ذمہ داری ہے جو ملک و قوم کے مستقبل کا فیصلہ کرتی ہے۔ان خیالات کا اظہار مس ہما ،صدر دی شائن ویلفیئر فاؤنڈیشن گوجرانوالہ نے اسپیشل پرسنز سےووٹ کی اہمیت سے متعلقہ آگاہی پروگرام میں کیا۔
اس تقریب میں الیکشن کمیشن آفس گوجرانولہ سے جناب سرفراز حبیب(ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر ،گوجرانوالہ)، وقار ادریس، ارسلان رزاق (الیکشن آفس گوجرانولہ) سے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سرفراز حبیب ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر صاحب نے کہا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان مخصوص افراد کے حقوق کیلئے کوشاں ہے اوران کو معاشرے کا ایک اہم جز گردانتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ووٹ کا اندراج اور آگاہی کسی بھی جمہوری معاشرے کی شہ رگ ہے۔اور ووٹ کی اہمیت ان کو تحفظ فراہم کرتا ہے ۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان پورے ملک میں ووٹ کی اگاہی کیلئے پروگرام منعقدکرواتا ہے تا کہ ووٹ کی اہمیت کو اجاگر کیا جاسکے ۔ الیکشن کمیشن نے ضلع گوجرانوالہ میں بھی بے شمار اقدامات کیے ہیں جسکی وجہ سے ضلع بھر میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے ۔
الیکشن کمیشن نے عوام الناس کی سہولت کے پیش نظر 8300 کی میسج سروس متعارف کرائی ہے تاکہ عوام ایک میسج کے ذریعے اپنے ووٹ کو شناختی کارڈ کے درست پتہ کے مطابق چیک کریں سکیں ۔اوراگر اس میں کوئی غلطی ہے تو فوراً اسے قریبی الیکشن کمیشن کے دفتر جا کر درست کرواسکیں ۔اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر ٹیکنیکل ایجوکیشن نجم علی، جوائنٹ سیکرٹری میمونہ بھٹی، میمونہ سردار (شائن ویلفیئر فاؤنڈیشن) نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=587733