گوجرانوالہ،ڈپٹی کمشنر ، سٹی پولیس آفیسر نے عاشورہ محرم الحرام کے دوران جلوسوں کے روٹس کا جائزہ لیا

7

نمائندہ۔ 23 جون (اے پی پی):پٹی کمشنر گوجرانوالہ نوید احمد ، سٹی پولیس آفیسر رانا ایاز سلیم نے عاشورہ محرم الحرام کے دوران جلوسوں کے روٹس، مجالس، امام بارگاہوں درہ سجاد چک جگنہ، حیدری روڈ، کھیالی دروازہ، گلستان معرفت کالج روڈ، باغیچی چوک کا دورہ کیا ، انہوں نے سکیورٹی سمیت تمام انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) فیصل سلطان، اسسٹنٹ کمشنر (سٹی) اقراء مبین، ایم ڈی واسا فیصل شوکت، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ فوزیہ چیمہ کے علاؤہ سول ڈیفنس، گوجرانوالہ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی اور دیگر تمام متعلقہ محکموں کے افسران بھی ہمراہ ہیں۔ڈپٹی کمشنرنوید احمد نے دورہ کے موقع پر کہا کہ عاشورہ محرم الحرام کے جلوسوں اورمجالس کو فول پروف سیکورٹی مہیا کی جائے اور کیٹیگری اے اور بی کے جلوسوں اورحساس مقامات پر بھی کڑی نگرانی رکھی جائے تاکہ عزاداروں کو پرامن ماحول فراہم کیا جا سکے-انہوں نے کہا کہ محرم الحرام امن اور بھائی چارے کو فروغ دینے کا مہینہ ہے

اوراس ماہ مقدس کے دوران کسی کو بھی انتشار پھیلانے یا نقص امن کی ہر گز اجازت نہیں دی جائے گی- انہوں نے مزید کہا کہ دین اسلام باہمی احترام اور دوسرے مسالک کا احترام کرنے کادرس دیتا ہے اور ہمیں ایک دوسرے کے مسالک کا احترام کرناہو گا اور دشمن کے نا پاک عِزائم کو کسی صورت بھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے- انہوں نے سیکیورٹی، صفائی ستھرائی، نکاسی آب، تجاوزات کے خاتمے، بجلی کی بلا تعطل فراہمی اور لوڈ شیڈنگ کی صورت میں متبادل انتظامات، بے ہنگم لٹکتی تاروں ، پیچ ورک، ٹریفک کی روانی ، جدید کیمروں سے سرویلنس مانیٹرنگ کے انتظامات کا جائزہ لینے کے بعد ہدایات جاری کیں اور محکمہ واسا کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ بارشوں کی صورتوں میں پانی کے فوری نکاس کے لیے اقدامات یقینی بنائیں اور کہیں بھی پانی کھڑا نہ ہونے دیں۔سٹی پولیس آفیسر رانا ایاز سلیم نے کہا کہ داخلی وخارجی راستوں پر واک تھرو گیٹ نصب کیے جائیں اور تلاشی کے بعد شرکاء کو داخل ہونے دیا جائے جلوسوں اور مجالس کے روٹ سے ملحقہ راستوں پر خار دار تاریں لگا کر سیل کیا جائے

اور تمام سیکیورٹی اہلکار اور رضا کار اپنی ڈیوٹیاں بخوبی طریقے سے سر انجام دیں۔۔اس کے علاؤہ منتظمین جلوسوں و مجالس نے ڈپٹی کمشنر کوبتایا کہ محرم الحرام میں قیام امن،رواداری اور بھائی چارے کی فضا کو برقرار رکھا جائے گا اور اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ کسی بھی مجلس یا جلوس میں کسی بھی ایسی بات یا سرگرمی سے اجتناب کیا جائے جس سے کسی بھی مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے فرد یا افراد کی دل آزاری ہو۔