گوجرانوالہ، بجلی چوری روکنے کی مہم تسلسل کے ساتھ جاری،1022مقدمات کااندراج ، 180 افراد گرفتار، 10کروڑ سے زائدکے جرمانے کئے گئے

151
Electricity thief arrested
Electricity thief arrested

گوجرانوالہ۔ 27 ستمبر (اے پی پی):وزارتِ توانائی ( پاور ڈویژن) کی ہدایت پرگیپکو ریجن بھر میں بجلی چوروں کیخلاف کریک ڈاؤن اکیسویں روز بھی بھرپور طریقے سے جاری رہا، مزید 65 بجلی چور پکڑے گئے،1022کے خلاف مقدمات درج کئے گئے جبکہ 180 افراد کو گرفتار کیا گیا، حالیہ مہم کے دوران پکڑے جانے والوں کی مجموعی تعداد1141ہو گئی،10کروڑ روپے سے زائد کے جرمانے عائد کئے گئے۔

تفصیلات کے مطابق وزارت توانائی کی ہدایات پرگیپکو ریجن میں چیف ایگزیکٹو آفیسر انجینئرمحمد ایوب کی زیر نگرانی ریجن بھر میں بجلی چوروں کے خلاف کریک ڈائون اکیسویں روز بھی جاری ہے، 7ستمبر سے جاری مہم کے دوران ابتک گیپکو ریجن بھر سے مجموعی طور پر1141 بجلی چور پکڑے گئے ہیں ،جن کو26لاکھ45ہزار ڈی ٹیکشن یونٹس چارج کئے گئے ہیں جن کی مالیت10کروڑ33لاکھ روپے سے زائد بنتی ہے۔

اس حوالے سے چیف ایگزیکٹو انجینئر محمد ایوب نے بتایا کہ ریجن بھر میں جاری حالیہ کریک ڈائون کے دوران گیپکو سرویلنس ٹیموں کی کامیاب کاروائیوں کے نتیجہ میں سٹی سرکل میں 288، کینٹ سرکل میں292، گجرات سرکل میں 119،سیالکوٹ سرکل میں 164، نارووال سرکل میں 124اور منڈی بہائوالدین میں 154 جبکہ ریجن بھر میں مجموعی طور پر 1141کنکشنز بجلی چوری میں ملوث پائے گئے،جن میں سے 1022کے خلاف مقدمات درج کئے گئے ہیں جبکہ 180کو گرفتار بھی کیا جا چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ گیپکوٹیمیں بجلی چوری کا قلع قمع کرنے کے لئے خلاف دن رات مصروف عمل ہیں،گیپکوریجن کے اضلاع گوجرانوالہ ، سیالکوٹ، گجرات ، منڈی بہاولدین، حافظ آباد اور نارووال میں خصوصی چیکنگ ٹیموں نے گزشتہ روزکامیاب کارروائیوں کے دوران مزید65 بجلی چوروں کوپکڑلیاجو ڈائریکٹ سپلائی،میٹر کی باڈی میں سوراخ کرکے،شنٹ سسٹم، میٹر کی باڈی ٹیمپرڈ کرکے اور مختلف طریقوں سے بجلی چوری کرکے محکمہ کو لاکھوں روپے کا نقصان پہنچا رہے تھے،

ان تمام بجلی چوروں کے کنکشنز کاٹ دئیے گئے ہیں جبکہ ان کے خلاف قانونی کارروائی کیلئے متعلقہ تھانوں میں ایف آئی کے اندراج کیلئے درخواستیں بھی جمع کرادی گئی ہیں۔چیف ایگزیکٹوانجینئر محمد ایوب نے عوام الناس سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ اپنے اردگرد نظر رکھیں اور کہیں بھی ہونیو الی بجلی چوری کی فوری اطلاع گیپکوکے جاری کردہ نمبرز پر دیں تاکہ ان بجلی چوروں کے خلاف سخت کارروائی کی جاسکے۔انہوں نے کہا کہ ملک معاشی ترقی کیلئے بجلی چوروں کا خاتمہ نہایت ضروری ہے لہٰذاشہری گیپکوسرویلنس ٹیموں کے ساتھ بھرپور تعاون کریں۔