گوجرانوالہ۔ 15 اپریل (اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت اور کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن سید نوید حیدر شیرازی، ڈپٹی کمشنر نوید احمد کی ہدایات پر رہائشی علاقوں میں بھینسیں رکھنے والے افراد کو دی گئی ڈیڈ لائن ختم، کارپوریشن کی ٹیموں کی طرف سے شہری آبادیوں میں قائم بھینسوں کے باڑوں کیخلاف کاروائیوں کا آغاز کردیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر نوید احمد نے کہا کہ بھینسوں کے باڑے شہر سے باہر منتقل کروانے پر کارپوریشن کے افسران وعملہ زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائیں۔ جانور شہری حدود سے باہر منتقل نہ کرنے پر ضبط کرلیے جائیں گے، عدم تعاون پر جرمانوں عائد، گرفتاریاں بھی عمل میں لائی جائیں گی۔ ایک محتاط اندازے کے مطابق گوجرانوالہ شہر میں ہزاروں کی تعداد میں بھینسیں ہیں جن کا گوبر اور بچ جانے والا گرین ویسٹ (کچرا) سڑکوں، گلیوں، چوکوں، چوراہوں اور ویسٹ مینجمنٹ کے کوڑا کولیکشن پوائنٹس پر کچرے دانوں کے اندر اور اطراف پھینک دیا جاتا ہے اور بعض اندرون شہر کے علاقوں میں پانی کے ساتھ سیوریج نالیوں، گندے نالوں میں پھینکا جارہا ہے۔ جس سے صفائی ستھرائی اور نکاسی آب کا نظام درہم برہم ہو کر رہ گیا ہے۔
اس کے علاؤہ بھینسوں کے ہجوم سے گوجرانوالہ کی چھوٹی بڑی شاہراہوں پر ٹریفک نظام کو متاثر کیا جا رہا ہے۔ بھینسوں کے یہ باڑے شہر کے تقریبا ہر گلی محلے میں ہیں اور یہ جانور نہ صرف شہر کی سڑکوں پر بے دریغ پھرتے ہیں اور گندگی پھیلاتے ہیں۔ جابجا گوبر کے ڈھیر شہر کی خوبصورتی پر اثر انداز ہو رہے ہیں اور بھینسوں کا چھوٹی بڑی شاہراہوں پر پھرنا، گوبر پھیلانا معمول کے صفائی آپریشن کو بھی بری طرح متاثر کرتا ہے، بھینسوں کے باڑے شہر سے باہر منتقلی کے لئے ٹھوس اقدامات کئے جائیں گے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=582341