گوجرانوالہ ۔ 25 فروری (اے پی پی):تھانہ واہنڈو کے علاقہ میں پولیس کی حراست سے فرار ہونے والے ملزم کی ہلاکت کا معاملہ پیش آیا۔ تھانہ واہنڈو پولیس ملزم حسن عرف جھارا کو بسلسلہ تفتیش و نشاندہی پرانی آبادی واہنڈو لے جا رہی تھی کہ کلوں کلاں پل سے بجانب پرانی واہنڈو مڑنے پر 3 موٹر سائیکلوں پر 5 کس نامعلوم ملزمان مسلح ہائے آتشیں اسلحہ نے پولیس گاڑی پر سیدھی فائرنگ کر دی۔جس پر پولیس پارٹی نے ڈیک کی پٹری کی اوٹ لے کر اپنی جان بچائی ۔
ملزمان اپنے ساتھی ملزم حسن عرف جھارا کو ہتھکڑیوں سمیت چھڑوا کر جانب کلوں کلاں فرار ہو گئے۔ فرار ملزمان کی اطلاع ملتے ہی علاقہ میں ناکہ بندی کروا دی گئی۔ جس پر ناکہ کوڑی کوٹ چوک پر ملزمان کا دوبارہ پولیس پارٹی سے آمنا سامنا ہو گیا۔ پولیس پارٹی کو کھڑا دیکھ ملزمان نے جان سے مار دینے کی نیت سے پولیس پارٹی پر سیدھی فائرنگ شروع کر دی۔
پولیس ملازمین نے گاڑی کی اوٹ میں ہو کر زمین پر لیٹ کر اپنی جانیں بچائیں اور حق حفاظت خود اختیاری کے تحت اکاد کا فائر کیے ۔فائرنگ رکنے کے بعد دوران ملاحظہ کچھ فاصلے پر سڑک کے کنارے پر ایک ملزم شدید زخمی حالت میں پڑا ملا، جو اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ زخمی ہوا۔زخمی ملزم کو برائے علاج معالجہ ہسپتال بجھوایا گیا، جو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہو گیا۔ ہلاک ملزم کی شناخت حسن عرف جھارا کے نام سے ہوئی۔ دیگر ملزمان اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار گئے۔