گوجرانوالہ۔ 10 اکتوبر (اے پی پی):گوجرانوالہ الیکٹرک پاورکمپنی(گیپکو)ریجن میں بجلی چوروں کیخلاف کریک ڈائون بھرپورطریقے سے جاری ہے،مزید49افرادبجلی چوری کرتے پکڑے گئے،پکڑے گئے بجلی چوروں کی مجموعی تعداد1736ہو گئی،1649 کے خلاف مقدمہ درج اور850گرفتار،بجلی چوروں کو15کروڑ روپے سے زائد کے جرمانے ۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم پاکستان اوروزارت توانائی کی ہدایات پرگیپکوریجن میں بجلی چوروں کے خلاف چیف ایگزیکٹوانجینئرمحمد ایوب کی زیر نگرانی کریک ڈائون35ویں روزبھی جاری رہا۔7ستمبر سے شروع ہونے والے آپریشن کے دوران گیپکو سرویلنس ٹیموں کی کامیاب کاروائیوں کے نتیجہ میں اب تک سٹی سرکل سے414،کینٹ سرکل سے430، گجرات سرکل سے178، سیالکوٹ سرکل سے265، نارووال سرکل سے217،اورمنڈی بہائولدین سرکل سے232جبکہ ریجن بھرسے مجموعی طورپر1736 بجلی چور رنگے ہاتھوں بجلی چوری کرتے ہوئے پکڑاگیا۔
مختلف حربوں سے بجلی چوری کرتے ہوئے پکڑے جانے والوں کو گیپکو کی جانب سے39لاکھ 10ہزارسے زائد یونٹس کی مدمیں15 کروڑ2لاکھ روپے سے زائد کے ڈیٹکشن بل جاری کردیئے گئے ہیں جبکہ تما م بجلی چورورں کے خلاف متعلقہ تھانوں میں ایف آئی آر کے اندراج کے لئے درخواستیں بھی دے دی گئی ہیں۔اس حوالے سے چیف ایگزیکٹوانجینئرنے بتایا کہ گزشتہ35دنوں میں ریجن بھر سے بجلی چوروں کے خلاف کیے جانے والے آپریشن میں بڑے زرعی اور کمرشل صارفین بھی بجلی چوری میں ملوث پائے گئے اِن میں کنکشنز میں68 زرعی،55کمرشل، انڈسٹریل10اور1603ڈومیسٹک شامل ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ1736بجلی چوروں کے خلاف ایف آئی آر کے اندراج کیلئے درخواستیں جمع کروائی گئی جن میں سے 1649کے مقدمات کا اندراج ہو چکاہے اور850بجلی چوروں کو گرفتار بھی کیا جا چکا ہے۔چیف ایگزیکٹو انجینئر نے کہا کہ بجلی چوروں کیخلاف آپریشن وزارتِ توانائی ( پاور ڈویژن) کی جانب سے دی گئی ہدایات کے مطابق شروع کیا گیا ہے جس کی میں بذاتِ خود ان آپریشنز کی نگرانی کر رہا ہوں اور بجلی چوری کے مکمل خاتمے تک بلا تفریق یہ گرینڈ آپریشن جاری رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ آپریشن کے دوران بجلی چوروں کے ساتھ ساتھ ان کی سرپرستی کرنیوالے گیپکو افسران و ملازمین کو بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ انہوں نے عوام الناس سے بھی اپیل کی کہ وہ بجلی چوروں کے خلاف جاری اس جنگ میں گیپکو کا ساتھ دیں اپنے ارد گرد د بجلی چوروں پر کڑی نظر رکھیں اور ایسے عناصر کی اطلاع فوری گیپکو کی ہیلپ لائن 118 پر دیں کیونکہ بجلی چوری کے خاتمہ سے ہی آپ کو سستی، معیاری اور بلا تعطل بجلی کی فراہمی ممکن ہے