نوشہرہ ورکاں۔02 مارچ (اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے رمضان ریلیف پروگرام کے تحت گوجرانوالہ اور وزیرآباد میں 2 رمضان سہولت بازار قائم کر دیے گئے، ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ نوید احمد کا کہنا ہے کہ شہریوں کو ماہ مقدس میں سہولت بازاروں میں 16 اشیائے خوردونوش ہول سیل مارکیٹ سے بھی کم قیمت پر دستیاب ہوں گی، رمضان سہولت بازاروں میں 16 اشیائے ضروریہ مارکیٹ سے بھی 10 سے 15 فیصد تک سستی ( سبزی منڈی ریٹ) پر دستیاب ہونگیں۔
رمضان سہولت بازاروں میں آلو، پیاز، ٹماٹر، ادرک، کدو، لیموں، کیلا، سیب، کھجور امرود، خربوزہ، آٹا، چینی، دالیں، بیسن، چکن، انڈہ سمیت دیگر اشیاء خوردونوش پر عوام الناس کو خاطر خواہ ریلیف فراہم کیا جائے گا۔اور تمام سہولت سٹالز پر اشیائے ضروریہ کا وافر سٹاک صبح سے شام تک دستیاب ہوگا اور سہولت سٹالز پر اشیائے ضروریہ کی وافر مقدار اورمعیار کو یقینی بنایا جائے گا، ڈپٹی کمشنر نے افسران کو حکومتی ہدایات سے آگاہ کردیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ نوید احمد کا مزید کہنا ہے کہ صارفین رمضان المبارک کے دوران ہفتہ بھر اشیائے ضروریہ کی خریداری کرسکیں گے بازار 29 رمضان المبارک تک فنکشنل رہیں گے، اور گوجرانوالہ میں رمضان سہولت بازار ماڈل بازار پیپلز کالونی اور چھٹہ پارک وزیرآباد میں قائم کئے گئے ہیں اور رمضان بازار میں دستیاب اشیاء کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتا نہیں کیا جائے گا۔