گوجرانوالہ۔ 06 نومبر (اے پی پی):حکومت پاکستان اوروزارتِ توانائی(پاورڈویژن)کی ہدایت پرگیپکوریجن بھرمیں بجلی چوروں اورنادہندگان کےخلاف کریک ڈاؤن جاری ہے،اب تک پکڑے جانے والے بجلی چوروں کی تعداد 2625ہوگئی، 21کروڑ6لاکھ روپے سے زائدکے جرمانے عائد جبکہ 2586 مقدمات درج کئے گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق نگران وزیر اعظم انوارالحق کاکڑاوروزیرتوانائی(پاور ڈویژن)محمدعلی کے احکامات کی روشنی میں چیف ایگزیکٹوانجینئرمحمدایوب کی ہدایت پر ریجن بھر میں گیپکو سرویلنس ٹیموں کی کارروائیوں اور کامیاب چھاپوں کے نتیجہ میں گزشتہ 60 دنوں میں 2625بجلی چور مختلف حربوں سے بجلی چوری کرتے ہوئے پکڑے گئے ہیں جن کوگیپکو کی جانب سے53لاکھ 38ہزار سے زائدیونٹس کی مد میں 21کروڑ6لاکھ روپے سے زائد کے ڈیٹیکشن بل جاری کئے گئے ہیں جبکہ ان بجلی چوروں میں سے اب تک 2586بجلی چوروں کے خلاف مقدمات درج کئے جا چکے ہیں۔
اس حوالے سے چیف ایگزیکٹو انجینئر محمد ایوب نے کہا ہے کہ بجلی چوراور نادہندگان ہی وہ ناسور ہیں جن کی وجہ سے بر وقت بل ادا کرنے والے صارفین پر بوجھ پڑتا ہے لہذا ہمارا صرف ون پوائنٹ ایجنڈا بجلی چوروں کو کسی صورت نہیں چھوڑا جائے گاچاہے اس میں کو ئی کتنا ہی با اثر یا طاقتور ہی کیوں نہ شامل ہو، بجلی چوری میں اورسہولت کاری میں ملوث ملازمین کے خلاف بھی مقدمات درج کروائے جائیں گے اورنوکری سے برخاست کیا جائے گا ۔
انہوں نے کہا کہ تمام ایس ایز کو ہدایت کی کہ وہ بجلی چوری والے اور مشکل علاقوں کی نشاندہی کریں اور لسٹیں تیار کر کے بجلی چوری کا ڈیٹا گورنمنٹ آف پنجاب کے انڈر کام کرنے والی لاء انفورسمنٹ ایجنسی کے ساتھ شیئر کریں تاکہ بجلی چوروں سے آہنی ہاتھوں کے ساتھ نمٹاجاسکے۔