پشاور۔ 15 مئی (اے پی پی):گورنرخیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نےبلوچستان میں دہشتگردوں کے خلاف آپریشن میں شہید ہونے والے میجر بابر خان کی بہادری کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کا اظہار کیا ہےجبکہ شہید کی بہادری اور وطن کیلئے خدمات کو سراہا۔گورنر خیبرپختونخواکاکہناتھاکہ میجر بابر خان نے دہشتگردوں کے خلاف بہادری سے لڑتے ہوئے اپنی قیمتی جان وطن پر نچھاور کی۔ شہید میجر بابر خان نے جرات کے ساتھ دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا۔
دہشتگردوں کے مذموم عزائم خاک میں ملانے والے شہید میجر بابر خان کو سلام پیش کرتے ہیں۔ میجر بابر خان نے شہادت کا بلند ترین رتبہ پایا۔ شہید میجر بابر خان کی قربانی رائیگاں نہیں جائےگی۔ شہداء وطن نے اپنے قیمتی لہو سے امن کی آبیاری کی ہے اورپوری قوم کو شہداء کی عظیم قربانیوں پر ناز ہے۔ انہوں نے میجر بابر خان شہید کیلئے بلندی درجات اور اہل خانہ کیلئے صبر جمیل کی دعا کی جبکہ شہید کی بہادری اور جذبہ حب الوطنی کو خراج تحسین پیش کیا، گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ پاک فوج کے بہادر سپوتوں نے دشمن کے آلہ کاروں کے خلاف بہترین کارروائی کی ۔
انہوں نے کہا کہ آپریشن میں شہید میجر بابر خان کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی،گورنر خیبر پختونخوا نے کہا کہ آپریشن میں زخمی سیکیورٹی جوانوں کی جلد صحت یابی کی بھی دعا کی ہے ۔انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز سمیت وطن عزیز پر جاں قربان کرنیوالے تمام شہداء ملک و قوم کا فخر ہیں،دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پوری قوم افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔