گورنرسند ھ کامران خان ٹیسوری کی سعودی قونصل خانہ آمد، قونصل جنرل سے ملاقات

97

کراچی۔ 22 جنوری (اے پی پی):گورنرسند ھ کامران خان ٹیسوری کی سعودی عرب کے قونصل خانہ آمد پر قائم مقام قونصل جنرل عبدالرحمن سعداور دیگر سفارتی عملہ نے گورنرسندھ کا پرتپاک خیر مقدم کیا۔جاری اعلامیہ کے مطابق گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری نے سعودی عرب کے قونصل جنرل سے ون آن ون ملاقات میں پاک سعودی عرب دوطرفہ تعلقات ، سرمایہ کاری ، تجارت میں اضافہ اور اہمیت کے حامل دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا۔

گورنر سندھ نے کہا کہ پاکستانی قوم کا سعودی عرب سے جذباتی لگائو ہے، انہوں نے مزید کہا کہ سعودی عرب نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا، سعودی عرب کی سرمایہ کاری سے خطہ میں غربت اور بیروزگاری میں نمایاں کمی ہورہی ہے، انہوں نے مزید کہا کہ سعودی عرب کے سرمایہ کاروں کو صوبہ کے پر کشش شعبوں سے فائدہ اٹھانا چاہئے۔ سعودی عرب کے قائم مقام قونصل جنرل نے کہا کہ پاکستان کو خطہ میں معاشی و دفاعی لحاظ سے مستحکم دیکھنا چاہتے ہیں، قائم مقام قونصل جنرل نے گورنر سندھ کو قرآن شریف اور ریاض شہر کا سووینئر بھی پیش کیا ۔

قبل ازیں قونصل خانہ میں ریڈ کارپیٹ استقبال پر گورنرسندھ نے قائم مقام قونصل جنرل کا شکریہ ادا کیا ، گورنر سندھ نے غزہ جنگ بندی معاہدہ کے لئے سعودی عرب کے سفارتی کردار کو بیحد سراہتے ہوئے قونصل جنرل کو گلدستہ اور مٹھائی بھی دی۔