گورنرپنجاب سردار سلیم حیدر خان سے تھیلیسیمیا اور ہیموفیلیا میں مبتلا بچوں کے وفد کی ملاقات

54
Governor Punjab Sardar Salim Haider Khan

لاہور۔7مارچ (اے پی پی):گورنرپنجاب سردار سلیم حیدر خان سے گورنر ہائوس لاہور میں سندس فائونڈیشن کے زیر اہتمام تھیلیسیمیا اور ہیموفیلیا میں مبتلا بچوں کے وفد نے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران پیٹرن سہیل وڑائچ، ڈائریکٹر سندس فا ئونڈیشن خالد عباس ڈار، صدر سندس فاونڈیشن یاسین خان اورمینیجر کمیونیکیشن، پی آر اینڈ میڈیاعمران مہر موجود تھے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ مصیبت، تکالیف اور جان لیوا بیماریوں میں مبتلا افراد کی خدمت کرنا اور ان کے دکھوں کا مداوا کرنا کسی نیکی سے کم نہیں۔ انہوں نے کہا کہ سندس فائونذیشن تھیلیسیمیا کے مریضوں کے لئے بہت اچھا کام کررہی ہے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ سندس فائونڈیشن اور اس طرح کے دوسرے فلاحی ادارے جو انسانیت کی خدمت کررہے ہیں کی ہر سطح پر حوصلہ افزائی ہونی چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل خون کا عطیہ دے کر تھیلیسیمیا کے مرض میں مبتلا بچوں کی زندگیوں کو بچانے کا ذریعہ بنیں۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ گورنر ہائوس پر تھیلیسیمیا میں مبتلا بچوں، خصوصی اور بے سہارا بچوں کا بھی اتنا ہی حق ہے جتنا سیاستدانوں، وزیروں کا۔

اس موقع پر گورنرپنجاب نے تھیلیسیمیا کے بچوں کو گورنر ہائوس کی سیر کروائی اور انہیں افطاری کی دعوت بھی دی۔گورنر پنجاب نے کہا کہ ایسے بچوں کی خدمت کرنا میرے لئے باعث فخر ہو گا۔انہوں نے مزید کہا کہ جب تک گورنر پنجاب ہوں گورنر ہاوس کے دروازے مستحقین کی ا مداد کے لئے کھلے ہیں۔