گورنر اور وزیر اعلی سندھ کی یوم پاکستان کے موقع پر مزار قائد پر حاضری ، پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی

272
گورنر اور وزیر اعلی سندھ کی یوم پاکستان کے موقع پر مزار قائد پر حاضری ، پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی

کراچی۔23مارچ (اے پی پی):گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری اور وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ نے یوم پاکستان کے موقع پر بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے مزار پرحاضری دی،پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔سی ایم ہائوس سے جاری اعلامیہ کےمطابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی یوم پاکستان کے موقع پر مزار قائد پر آمد پر صوبائی وزراء، مشیران اور چیف سیکرٹری نے ان کا استقبال کی

، گورنرسندھ کی آمد پر وزیراعلیٰ نے ان کا استقبال کیا۔وزیراعلیٰ سندھ نے گورنر کے ہمراہ مزار قائد پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی،انہوں نے مہمانوں کی کتاب میں تاثرات بھی درج کئے۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ آج یوم پاکستان کے موقع پر قائد کے مزار پر آئے ہیں،سندھ ا سمبلی کو اعزاز حاصل ہے جس نے پاکستان کی قرارداد منظور کی۔

انہوں نے کہا کہ ملک کو ایک بار پھر دہشت گردی کا سامنے ہے اور ہم نے اتحاد اور یکجہتی سے اس کا مقابلہ کرنا ہے۔ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ آج کے دن ہمیں کشمیری بھائیوں کی جدوجہدکو بھی نہیں بھولنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ رمضان شریف کے مہینے میں ہم بینظیر اِنکم سپورٹ پروگرام کے تحت 7.8 ملین خاندانوں کو دو ہزار روپے آٹے کی مد میں دے رہے ہیں،جن کا نام بی آئی ایس پی میں نہیں وہ اپنا نام رجسٹر کروا سکتے ہیں، ہم صوبے بھر میں بچت بازار لگا ر ہے ہیں، پرائس کنٹرول کے لیے آرڈیننس آج لاگو ہو جائے گا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ دہشت گرد ہمارے سکیورٹی کے اداروں اور معصوم شہریوں کو نشانہ بنا رہے ہیں،ہم دہشت گردوں کو شکست دیں گے۔