کوئٹہ۔ 27 ستمبر (اے پی پی):گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل، وفاقی وزیر سیفران و امور کشمیر انجینئر امیر مقام اور صوبائی وزیر نور محمد دمڑ نے جمعہ کو ڈسٹرکٹ زیارت کا دورہ کیا۔ زیارت پہنچنے پر ڈپٹی کمشنر زیارت لیاقت علی کاکڑ نے ان کا استقبال کیا۔ بعدازاں انہوں نے بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کی آخری آرام گاہ قائد اعظم ریذیڈنسی کا دورہ کیا اور انہیں خراج عقیدت پیش کیا اور پریزیڈنسی کے احاطے میں پودے بھی لگائے۔
اس موقع پر گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے عالمی یوم سیاحت کی مناسبت سے اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ وزیر اعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف کی خصوصی دلچسپی سے پاکستان اور خصوصا ًصوبہ بلوچستان میں سیاحت کے فروغ کیلئے عملی اقدامات کئے جارہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبہ بلوچستان قدرت کی جانب سے خوبصورت قدرتی مناظر، سات سو کلومیٹر سے زائد طویل خوبصورت ساحلی پٹی، سنگلاخ چٹانیں، زرخیزوادیاں، آثار قدیمہ، ریگستان، سرد ترین اور گرم ترین علاقے بین الاقوامی سیاحوں کیلئے نئے دلکش اور منافع بخش مراکز بن سکتے ہیں۔ گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل، وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام اور صوبائی وزیر نور محمد دمڑ سے پاکستان مسلم لیگ ن ضلع زیارت کے کارکنوں نے ملاقات بھی کی۔