کوئٹہ۔ 26 مئی (اے پی پی):گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے چائنا کے دارالحکومت بیجنگ میں اپنے سرکاری دورے کے موقع پر کہا کہ خطے میں تیزی سے رونما ہونے والی معاشی اور سیاسی تبدیلیوں کے پیش نظر ہمیں اپنی ترجیحات کا تعین کرنے اور ہمسایہ ممالک کی تجارتی منڈیوں تک رسائی حاصل کرنے کیلئے ہمیں اپنے معاشی نظام بہتر بنانے کی ضرورت ہے. اس سلسلے میں چائنا پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) جیسے شاندار عظیم منصوبہ کا ایک اہم لنک بلوچستان ہی ہے،مذکورہ میگا پراجیکٹ کی تکمیل سے پاکستان میں بالعموم اور بلوچستان میں بالخصوص لاکھوں لوگوں کو روزگار کے مواقع میسر ہونگے اور پورے خطہ میں معاشی اور تجارتی سرگرمیوں کا ایک نیا انقلاب ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے چین کے دارالحکومت بیجنگ میں ڈپٹی فارن منسٹر سے ملاقات کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کیا۔
بعدازاں گورنربلوچستان جعفرخان مندوخیل بیجنگ میں مختلف چینی کمیونسٹ پارٹی کے رہنماؤں اور سرکاری حکام کے ساتھ علیحدہ علیحدہ ملاقات کی۔جن میں کمیونسٹ پارٹی مرکزی کمیٹی انترنشنل ڈیپارٹمنٹ کے وائس منسٹر (Sun Haiyan) چائنیز پیپلز انسٹیٹیوٹ آف فارئین آفیرز، ایمبیسڈر اور وائس پریزیڈنٹ آف سی پی آئی ایف اے (Zhou Pingjiam) اور منسٹر آف ایم ایف اے (Mr. Lui Bin) شامل تھے۔ واضح رہے کہ ملاقات کے دوران سابق وزیراعلیٰ ڈاکٹر عبد المالک بلوچ، صوبائی وزراء صادق عمرانی، میر عاصم کرد گیلو، عوامی نیشنل پارٹی کے داود خان اچکزئی اور چنگیز خان مری اور بایزید خان کاسی بھی موجود تھے۔ اس موقع پر گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ سی پیک مغربی روٹ اقتصادی خوشحالی، بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور صنعت کاری کے نئے مواقع کھولے گا اور خاص طور پر پسماندہ علاقوں کے معاشی منظرنامے میں انقلاب برپا کریگا
اس ضمن میں موجودہ حکومت مغربی روٹ اور سرمایہ کاروں کو مکمل تحفظ فراہم کیلئے پرعزم ہے اور ہمارے مضبوط سیکورٹی فریم ورک کے ساتھ تیزی سے پیشرفت بھی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں سی پیک کے پیش نظر اپنی نئی نسل کو جدید فنی اور تیکنیکی مہارتیں سکھانے پر توجہ مرکوز رکھنی ہوگی۔ صوبہ بلوچستان میں ہائیر ایجوکیشن، جدید ٹیکنالوجی، استعداد کار بڑھانے اور نوجوانوں کو جدید مہارتیں سکھانے میں چین جیسے ترقی یافتہ ممالک اور انٹرنیشنل اداروں کا تعاون نہایت مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔گورنر مندوخیل نے کہا کہ تمام معاشی و تجارتی سرگرمیوں میں معاشرے کے عام آدمی کی شرکت و شمولیت سے ملک کے معاشی نظام کو باآسانی مستحکم بنایا جا سکتا ہے،انسانی تاریخ کا شاندار منصوبے سی پیک کا اُبھرتا ہوا سورج پورے خطے کے معاشی جمود کا خاتمہ کریگا جو ہم سب کیلئے ایک نئی روشن صبح کی نوید ثابت ہونگی۔