کوئٹہ۔ 18 نومبر (اے پی پی):گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے انسپکٹر جنرل آف پولیس بلوچستان معظم جاہ انصاری سے چند روز قبل صوبائی دارالحکومت کوئٹہ سے اغوا ہونے والے معصوم بچے محمد مصور کے حوالے سے رابطہ کیا اور 10 سالہ معصوم مغوی بچے کی جلد بازیابی کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھانے پر زور دیا۔ گورنر جعفرخان مندوخیل نے بچے کی بحفاظت بازیابی کو یقینی بنانے اور ملوث عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کیلئے فوری اور سخت کارروائی کرنے کی ہدایت کی تاکہ مستقبل میں ایسے ناخوشگوار واقعات کی روک تھام ہو سکے۔
انسپکٹر جنرل معظم جاہ انصاری نے گورنر بلوچستان کو یقین دلایا کہ محمد مصور کو جلد تلاش کرنے اور اس کی جلد بازیابی کو یقینی بنانے کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔