گورنر بلوچستان کا عید الاضحیٰ کے موقع پر پیغام،ضلعی انتظامیہ کو عوامی مقامات پر صفائی ستھرائی کی ہدایت

259

کوئٹہ۔ 16 جون (اے پی پی):گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے عیدالاضحیٰ کے پُرمسرت موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ میں تمام اہل وطن اور دنیابھر کے مسلمانوں کو دل کی عطا گہرائیوں سے مبارک پیش کرتا ہوں اور آپ کی عبادت، حج کی سعادت اور قربانیاں قبول فرمائے۔انہوں نے کہا کہ یہ دن تمام مسلمانوں کے لئے ایثار، قربانی اور محبت و رواداری کے جذبات کی تجدید کا دن بھی ہے جو حضرت ابراہیم خلیل اللہ اور حضرت اسماعیل ذبیح اللہ کی بےمثال قربانی کی یاد دلاتا ہے۔

گورنر بلوچستان نے کہا کہ عید الضحٰی کا دن تمام مسلمانوں کے لئےایک اجتماعی خوشی کا دن ہے اور قربانی کا اصل مقصد اپنی ذاتی مفادات اور خواہشات کو قربان کر کے اللہ تعالیٰ کی خوشنودی حاصل کرنا ہے۔جعفر خان مندوخیل نے عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ حفاظتی تدابیر کی پاسداری کے حوالے سے عوامی سطح پر معمولی غفلت اور بےاحتیاطی کا مظاہرہ کرنے سے بڑے نقصانات بھی ہوسکتے ہیں۔

انہوں نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ کے عیدالاضحیٰ کے پہلے، دوسرے اور تیسرے دن آلائیشوں کو بروقت ٹھکانے لگانے اور عوامی مقامات پر صفائی ستھرائی کے لئے بروقت اہتمام کریں۔ جعفر خان مندوخیل نے کہا کہ اپنی عید کی خوشیوں میں آپ کے قریب رہنے والے یتیموں، بیواؤں، غریبوں اور ناداروں کو ضرور شریک کریں۔