کوئٹہ۔ 19 فروری (اے پی پی):گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا ہے کہ پنجگور یونیورسٹی اپنے ممتاز فیکلٹی ممبرز اور باصلاحیت طلباء کے ساتھ ایک روشن مستقبل کیلئے امید کی کرن ہے،قابل فخر باتہے کہ یونیورسٹی آف پنجگور میں خواتین فیکلٹی ممبر زکی موجودگی ایک بڑی کامیابی ہے جو صنفی برابری کی ایک قابل تقلید مثال ہے
،یونیورسٹی میں دستیاب سہولیات کو ملک کی سلامتی، عوام کی خوشحالی اور پڑھے لکھے بلوچستان کے خواب کو حقیقت میں بدلنے کیلئے بروئے کار لائے جائیں ،یہی اساتذہ کرام اور محنتی نوجوان آگے جا کر پاکستان اور بلوچستان کے نام روشن کریں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے یونیورسٹی آف پنجگور کے وائس چانسلر ڈاکٹر ممتاز علی بلوچ کی قیادت میں فیکلٹی ممبر زپر مشتمل وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر پرنسپل سیکرٹری ٹو گورنر بلوچستان ہاشم خان غلزئی، پرو-وائس ڈاکٹر سعادت بلوچ سمیت فیکلٹی ممبر زموجود تھے،
گورنر بلوچستان نے کہا کہ ہماری مسلسل جدوجہد اور بھرپور توجہ سے صوبے کی تمام پبلک سیکٹر یونیورسٹیز میں اچھا تعلیمی ماحول فروغ پارہا ہے اور مزید شعوری کوششیں کر کے اس میں زیادہ بہتری لا سکتے ہیں، انہوں نے یونیورسٹی کے اساتذہ پر زور دیا کہ وہ پنجگور میں نئی نسل کو معیاری تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے کیلئے اپنا موثر کردار ادا کریں، آخر میں گورنر بلوچستان نے یونیورسٹی آف پنجگور کے فیکلٹی ممبرز میں اسناد اور یادگاری شیلڈز تقسیم کیں۔