گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی کی سربراہی میں ایف پی سی سی آئی کے اعلیٰ سطحی وفد کی چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی سے ملاقات

73
چیئرمین سینیٹ سے میر چنگیز خان جمالی کی ملاقات

اسلام آباد۔6اپریل (اے پی پی):گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی کی سربراہی میں ایف پی سی سی آئی کے اعلیٰ سطحی وفد نے چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی سے ملاقات کی اور چیئرمین سینیٹ کو موجودہ معاشی صورتحال ، کاروباری برادری کو درپیش چیلنجز اور ملک میں کاروبار اور سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کے بارے میں قیمتی آراء پیش کیں۔جمعرات کو یہاں ایف پی سی سی آئی سے جاری بیان کے مطابق و فد نے چیئرمین سینیٹ کو معاشی، صنعتی، مالیاتی، توانائی، ٹیکس لگانے/محصولات، کاروبار میں آسانی اور پاکستان کی تجارتی پالیسیوں سے متعلق ان کے خدشات اور تجاویز سے آگاہ کیا۔ملاقات کے دوران پاکستان میں مجموعی کاروباری ماحول اور معاشی صورتحال کو بہتر بنانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔

وفد میں چیئرمین بزنس مین پینل و سابق صدر ایف پی سی سی آئی میاں انجم نثار، نائب صدر ایف پی سی سی آئی و چیئرمین کیپٹل آفس امین اللہ بیگ، نائب صدر ایف پی سی سی آئی و چیئرمین ریجنل آفس لاہور محمد ندیم قریشی، سابق سینئر نائب صدر ایف پی سی سی آئی و سابق چیئرمین پی پی ایم اے خواجہ شاہ زیب اکرم، چیئرمین کوآرڈینیشن ایف پی سی سی آئی کیپٹل آفس مرزا عبدالرحمن، سابق نائب صدر ایف پی سی سی آی محمد ریاض خٹک، بانی صدر سرگودہا سمال چیمبر شیخ محمد آصف اقبال، صدر اسلام آباد سمال چیمبر محمد سجاد سرور، گروپ لیڈر راولپنڈی چیمبر سہیل الطاف، نائب صدر لاہور چیمبر عدنان خالد بٹ، چیئرمین پاکستان کاٹن جنرز ایسوسی ایشن طلعت حسین،چیئرمین آل پاکستان کاٹن ٹارگیٹڈ کاٹن مینوفیکچرنگ ایسوسی ایشن اعجاز قریشی،چیئرمین فیروز پور انڈسٹریل ایسوسی ایشن محمد شاہد بیگ، بانی صدر مالاکنڈ چیمبر شعیب خان سمیت ملک بھر کی ٹریڈ باڈیز کے صدور و عہدیداران شامل تھے۔

گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے کہا کہ تاجر برادری کا ملک کی معاشی ترقی میں کلیدی کردار ہے،معیشت اور صنعت ہماری ریاست کے اہم ستون ہیں، سیاستدانوں اور تاجر برادری سمیت معاشرے کے تمام طبقات کو ہر قسم کی سیاست سے بالاتر ہو کر سوچنا اور ملک کی معاشی ترقی کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے چیئرمین بزنس مین پینل میاں انجم نثار و دیگر نے کہا کہ سینیٹ پاکستان کی معاشی ترقی ، کاروبار اور سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔ملاقات کے دوران چیئرمین سینیٹ نے موثر قانون سازی کے لئے تاجر برادری کے اراکین کی تجاویز اور سفارشات سننے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور معاشی ترقی اور کاروبار کیلئے سازگار ماحول پیدا کرنے کیلئے کاروباری برادری کے ساتھ مل کر کام کرنے کا عزم ظاہر کیا۔