پشاور۔ 03 اگست (اے پی پی):گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے ڈیرہ اسماعیل خان کی معروف سیاسی شخصیت حمیداللہ آف یارک نے ملاقات کی۔ گورنر ہاؤس پشاور میں ہونے والی ملاقات میں صوبہ اور بالخصوص ڈیرہ اسماعیل خان کے مسائل اور سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں چشمہ لفٹ کینال منصوبے پر بھی بات چیت ہوئی۔ گورنر خیبرپختونخوا نےکہا کہ چشمہ لفٹ کینال منصوبہ صرف ڈیرہ اسماعیل خان ہی نہیں بلکہ صوبہ اور ملک کی ترقی اور خوشحالی کا اہم منصوبہ ہے، مذکورہ منصوبہ کےلیے وفاقی حکومت نے بجٹ مختص کردیا ہے جس پر وہ وزیراعظم محمد شہباز شریف اور وفاقی وزیر توانائی اور چیئرمین واپڈا کے مشکور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چشمہ لفٹ کینال منصوبہ کا افتتاح رواں سال کے دوران کردیا جائے گا۔