اسلام آباد ۔ 29 ستمبر (اے پی پی) گورنر خیبرپختونخوا شاہ فرمان نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں پوری قوم اور کشمیری عوام کی نمائندگی کا حق ادا کر دیا ،ان کی تقریر سے باقی مسلمان رہنماﺅں اور ممالک کو بھی حوصلہ ملا ، وزیراعظم کا دورہ انتہائی کامیاب رہا ہے ۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے اتوار کو اسلام آباد ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کے دوران کیا۔گورنر نے کہا کہ ایک مسلمان رہنما کا جس طرح کا کردار ہونا چاہیے وزیراعظم عمران خان نے جابر کے سامنے کلمہ حق کہتے ہوئے وہ کردار ادا کیا ، وزیراعظم کی تقریر نے کھلبلی مچائی، ان کی تقریر سے باقی مسلمان رہنماﺅں اور ممالک کو بھی حوصلہ ملا ہے۔ گورنر نے کہا ہے کہ وزیراعظم نے مسلم امہ کو باور کرایا کہ ہمارے پاس وسائل موجود ہیں، اگر ہم خوف سے باہر آ جائیں تو ہمارے مسائل حل ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے پوری قوم اور کشمیری عوام کی موثر انداز میں ترجمانی کی اور ان کا دورہ کامیاب رہا۔انھوں نے کہا کہ وزیراعظم نے مغربی ممالک کے سامنے صحیح منظر نامہ پیش کیا اور انہیں بتایا کہ پاکستان جیسے ممالک سے چوری ہونے والے پیسے کو ان ملکوں میں تحفظ دیا جاتا ہے۔ شاہ فرمان نے کہا کہ کشمیر پر وزیراعظم پاکستان نے پوری قوم کی ترجمانی کی ہے۔