گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے آکسفورڈ کی معروف شخصیت ممتاز فرید نرتوپا کی ملاقات

155

اسلام آباد۔8جنوری (اے پی پی):گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے برطانیہ، آکسفورڈ کی معروف سیاسی و سماجی شخصیت ممتاز فرید نرتوپا نے ملاقات کی۔بدھ کو یہاں جاری بیان کے مطابق ملاقات میں صوبہ خیبرپختونخوا میں امن امان کی صورتحال کے علاوہ صوبہ میں ویمن امپاورمنٹ ، یوتھ انگیجمنٹ قیام امن اور صوبے کا سافٹ امیج روشن کرنے کے لئے کھلاڑیوں اور دیگر شعبہ جات کی حوصلہ افزائی کے حوالے سے اٹھائے گئے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔گورنر فیصل کریم کنڈی نے بتایا کہ خیبرپختونخوا میں باصلاحیت نوجوانوں کی کمی نہیں ہے ،ان کی حوصلہ افزائی انتہائی ضروری ہے ۔انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کا سافٹ امیج روشن کرنا پاکستان کے مثبت تشخص کو مزید بہتر بنائے گا۔ممتاز فرید نرتوپا نے گورنر خیبرپختونخوا کی کاوشوں اور کوششوں کو سراہا ۔انہوں نے کہا کہ گورنر خیبرپختونخوا کی جانب سے گورنر ہاؤس میں بین المذہب ہم اہنگی بین المسالک یکجہتی کے فروغ کے حوالے سے جو اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں وہ بھی لائق ستائش ہیں۔انہوں نے گورنر خیبرپختونخوا کو برطانیہ کے دورہ کی دعوت دی جو انہوں نے قبول کی۔