گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے ترک ہلال احمر کے پاکستان میں نمائندے کی ملاقات

119

اسلام آباد۔13دسمبر (اے پی پی):گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے ترکیہ ہلال احمر (ٹرکش ریڈ کریسنٹ ) کے پاکستان میں نمائندہ عمر میرکن نے ملاقات کی۔

ملاقات میں ہلال احمرخیبرپختونخوا کے چیئرمین حبیب ملک اورکزئی بھی شریک تھے۔ گورنر خیبرپختونخوا نے ہلال احمر کے مجموعی کردار اور بالخصوص کرم کے حالیہ بحران میں ہلال احمر خیبرپختونخوا کے کردار کو سراہا۔

ملاقات میں باہمی تعاون، انسانی ہمدردی کے منصوبوں اور قدرتی آفات کے دوران ریلیف کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

گورنر نے ترکیہ ہلال احمر کی پاکستان میں انسانی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ترکیہ اور پاکستان کے عوام کے درمیان برادرانہ تعلقات ہمیشہ مضبوط رہے ہیں۔

انہوں نے خیبرپختونخوا میں قدرتی آفات سے نمٹنے اور متاثرین کی بحالی کے لئے مشترکہ کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔ ترکی ہلال احمر کے نمائندے نے اس موقع پر خیبرپختونخوا میں جاری منصوبوں اور آئندہ کی حکمت عملی کے بارے میں آگاہ کیا۔