گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی نائب صدر علامہ محمد رمضان توقیر کی ملاقات

111

اسلام آباد۔3فروری (اے پی پی):گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی نائب صدر علامہ محمد رمضان توقیر نے پیر کو یہاں ملاقات کی ۔جاری بیان کے مطابق ملاقات میں کرم متاثرین کے مسائل پر خصوصی گفتگو کی گئی۔

اس موقع پرخیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ متاثرین کرم میں مرحلہ وار امدادی سامان کی تقسیم کا عمل جاری ہے، لوئر کرم میں امدادی سامان کی تقسیم کے بعد اپر کرم میں بھی امدادی سامان کی تقسیم کا عمل شروع کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ قیام امن میں کسی قسم کی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی ۔ملاقات میں چشمہ لفٹ کینال اور رمک ڈیرہ غازی خان روڈ کی تعمیر کے منصوبوں پر بھی گفتگو کی گئی۔ اس حوالہ سے علامہ محمد رمضان توقیر نے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ کرم متاثرین کی آواز بننے پر بھی ہم گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کو سلام پیش کرتے ہیں۔