گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے فارن میڈیکل ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے مرکزی صدر ڈاکٹر طاہر سکندری کی ملاقات

6

اسلام آباد۔14جون (اے پی پی):گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے فارن میڈیکل ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے مرکزی صدر ڈاکٹر طاہر سکندری نے ملاقات کی ہے۔ گورنر ہاؤس اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات میں ینگ ڈاکٹرز کی خدمات اور انکو درپیش مشکلات پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔

ڈاکٹر طاہر سکندری نے گورنر خیبرپختونخوا کو ہاؤس جاب سے متعلق فارن گریجویٹ ینگ ڈاکٹرز کے مسائل سے آگاہ کیا کہ صوبائی حکومت اعزازی ہاؤس جاب تک فراہم نہیں کرتی جس پر گورنر نے اعلیٰ حکام سے رابطہ کرکے مسئلہ کے حل کی یقین دہانی کرائی۔ ڈاکٹر طاہر سکندری نے گورنر کو بتایا کہ فارن گریجویٹس کے لئے پی ایم ڈی سی لائسنس کے پاسنگ مارکس پچاس فیصد سے ستر فیصد کرنے کا فیصلہ ناانصافی پر مبنی ہے

جس پر گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے وفاقی وزیر مصطفی کمال سے رابطہ کیا اور انہیں یقین دلایا کہ وفاقی وزارت صحت سے متعلق ینگ ڈاکٹرز کے مسائل کے حل میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا جائے گا۔ ڈاکٹر طاہر سکندری نے فارن میڈیکل ینگ ڈاکٹرز کے مسائل پر فوری طور پر وفاقی وزیر صحت مصطفی کمال سے رابطہ کرنے پر گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے اظہار تشکر کیا۔