اسلام آباد۔30جون (اے پی پی):گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے مانسہرہ ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے وفد نے صدر شاہ جہاں خان سواتی کی قیادت میں گورنر ہائوس اسلام آباد میں ملاقات کی۔پیر کو گورنر آفس سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں پی ایل ایف کے صدر شیخ نور الامین ، بار کے جنرل سیکرٹری قاسم جہانگیری، جوائنٹ سیکرٹری عدنان کھٹانہ، فنانس سیکرٹری نوابزادہ معظم، لائبریری سیکرٹری افتخار احمد، ایگزیکٹو ممبران عبد القیوم اور حسنین یوسف شامل تھے ۔
ملاقات کے دوران وکلاء کو درپیش مسائل، بار ایسوسی ایشن کی فلاح و بہبود اور قانونی برادری کے کردار پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ گورنر نے وکلاء برادری کے مثبت کردار کو سراہتے ہوئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ انصاف کی فراہمی کے عمل کو بہتر بنانے کے لیے گورنر ہائوس بھرپور تعاون فراہم کرے گا۔
دریں اثناء سابق رکن صوبائی اسمبلی ، سابق ضلع ناظم ٹانک نوابزادہ طاہر بن یامین خان نے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے ملاقات کی۔گورنر ہائوس اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات میں ملک کی سیاسی صورتحال ، خیبرپختونخوا کے سیاسی معاملات ، پارٹی کے تنظیمی امور ، ٹانک میں پینے کے پانی اور واپڈا سے متعلق عوامی تکالیف سمیت باہمی دلچسپی کے متعدد امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔