اسلام آباد۔15نومبر (اے پی پی):گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے پاکستان پیپلز پارٹی رحیم یار خان کے سٹی صدر اور سابق امیدوار صوبائی اسمبلی راجہ سولنگی نے ملاقات کی۔راجہ سولنگی نے ملاقات کے دوران پارٹی کے کارکنوں کی فلاح و بہبود اور رحیم یار خان میں پارٹی کی سرگرمیوں کے حوالے سے تفصیلات سے آگاہ کیا۔
انہوں نے پیپلز پارٹی کی عوامی خدمت کی روایات کو جاری رکھنے اور کارکنوں کی حوصلہ افزائی کے لئے مزید حکومتی تعاون کی درخواست کی۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پارٹی کی مقامی سطح پر مضبوطی اور کارکنوں کی متحرک شرکت ہی پارٹی کی کامیابی کی ضمانت ہے۔
گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے راجہ سولنگی کی خدمات اور پارٹی کے لئے ان کی محنت کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی تاریخ قربانیوں اور عوامی خدمت سے عبارت ہے اور پارٹی نے ہمیشہ ملک کی بہتری اور عوام کی فلاح و بہبود کو اولین ترجیح دی ہے۔ گورنر نے کہا کہ پارٹی کارکنان پارٹی کی اصل طاقت ہیں اور ان کی محنت اور کوششوں سے ہی پارٹی اپنی پوزیشن مضبوط رکھتی ہے۔انہوں نے کہا کہ پارٹی قیادت کی جانب سے ان پر جس اعتماد کا اظہار کیا گیا ہے اس پر پورا اترنے میں کوئی دقیقہ فروگذاشت نہیں چھوڑا جائے گا ۔