گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے پاکستان پیپلز پارٹی کے راہنماء سینیٹر طلحہ محمود کی ملاقات

6

اسلام آباد۔15جون (اے پی پی):گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے پاکستان پیپلز پارٹی کے راہنماء سینیٹر طلحہ محمود نے گورنر ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کی ، ملاقات میں ملک کی سیاسی صورتحال ، خیبرپختونخوا میں امن و امان اور صوبائی حکومت کے بدترین اور ریکارڈ توڑ کرپشن پر مشتمل دور حکومت ، چترال اور ملک کے دیگر حصوں میں طلحہ محمود فاؤنڈیشن کے رفاحی کاموں اور دیگر موضوعات پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔

سنیٹر طلحہ محمود نے کہا کہ صوبہ میں کرپشن کے ریکارڈ توڑے جارہے ہیں عوامی نمائندوں کے ذاتی اکاؤنٹس سے سرکاری رقوم برآمد ہورہی ہیں ، اقربا پروری عروج پر ہے ۔ دونوں راہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ نااہل حکمرانوں سے صوبہ کو نجات دلانا انتہائی ضروری ہے ورنہ جس تباہی سے یہ حکومت صوبہ کو دوچار کررہی ہے اس کا مداوا ممکن نہیں ہوگا ،

ملاقات میں آنے والے سینیٹ انتخابات سے درپیش معاملات پر بھی مشاورت کی گئی اور متعدد اہم فیصلے کیے گئے ، گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے طلحہ محمود فاؤنڈیشن کے چترال سمیت متعدد اضلاع میں رفاحی کاموں کو سراہا اور کہا کہ ان سرگرمیوں کا دائرہ کار مزید وسیع کیا جائے ۔