پشاور۔ 31 اگست (اے پی پی):گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے پاکستان سائنس فاؤنڈیشن (پی ایس ایف ) کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر محمد اکمل نے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان سائنس فاؤنڈیشن کے جاری اور مستقبل کے منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اتوار کو گورنر ہاؤس پشاور کے جاری کردہ بیان کے مطابق چیئرمین پی ایس ایف نے بتایا کہ فاؤنڈیشن ملک بھر میں سائنس اور ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے مختلف اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم مستقبل میں سسٹم ایجوکیشن کو فروغ دینے پر کام کررہے ہیں تاکہ طلبہ کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ساتویں سے بارہویں جماعت کے طلبہ کو سائنسی و تکنیکی تعلیم سے آراستہ کرنا ادارے کی اولین ترجیح ہے تاکہ نئی نسل عملی مہارتوں کے ساتھ مستقبل میں ملک کی ترقی میں مؤثر کردار ادا کر سکے۔
خیبرپختونخوا کے تعلیمی اداروں کو اس حوالہ سے تیار رہنا چاہیئے۔ گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے پاکستان سائنس فاؤنڈیشن کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو جدید سائنسی علوم سے روشناس کرانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کی جامعات اور تعلیمی ادارے اگر پی ایس ایف کے منصوبوں سے بھرپور استفادہ کریں تو نہ صرف معیارِ تعلیم بہتر ہوگا بلکہ نوجوان طبقہ ملکی ترقی و خوشحالی کا ضامن بنے گا۔