اسلام آباد۔15نومبر (اے پی پی):گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے اسلام آباد میں منعقدہ لوک ورثہ فیملی فیسٹیول میں خیبر پختونخوا پویلین کا دورہ کیا ،سندھ کے وزیر کھیل و ثقافت سید ذوالفقار شاہ بھی ان کے ہمراہ تھے ۔
اس موقع پر جی ایم سجاد حمید، ڈائریکٹر ٹورازم اتھارٹی عمر ارشد خان نے گورنر خیبرپختونخوا کو چترالی ٹوپی اور روایتی چادر پہنائی ۔گورنر خیبرپختونخوا نے خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں سے لگائے گئے سٹالز کا دورہ کیا ۔
انہوں نے کشیدہ کاری ، لکڑی کے دلکش کام کے سٹالز پر موجود فن کاروں سے گفتگو کی ۔ گورنر خیبرپختونخوا نے ڈیرہ اسماعیل خان کے معروف جندری کے کام کے سٹالز میں دلچسپی لی ۔
انہوں نے وہاں روایتی ڈش ثوبت کے لگائے گئے ثوبت گھر سٹالز پر یارک کی ثوبت چکھی اور اونر سعید کو شاباش دی ۔ گورنر خیبرپختونخوا نے پشتو موسیقی کے سٹالز پر فنکاروں سے ملاقات بھی کی اور گلوکاروں کو داد دی ۔انہوں نے پشاوری قہوہ کے سٹالز پر بیٹھ کر قہوہ بھی نوش کیا۔
گورنر خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ ہمارا صوبہ ہر لحاظ سے باصلاحیت افراد سے مالا مال ہے ،ہمیں اپنے صوبہ کی رونقیں واپس لانے کے لئے متحد ہونا ہوگا۔ خیبرپختونخوا پویلین میں بچے اور شہری گورنر خیبرپختونخوا کے ساتھ سیلفیاں بناتے رہے ،وہاں موجود لوگ گورنر خیبرپختونخوا کو اپنے درمیان پاکر خوشگوار جذبات کا اظہار کررہے تھے ۔ گورنر نے وہاں خیبرپختونخوا ٹورازم ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے انتظامات کو بھی سراہا۔