لاہور۔28فروری (اے پی پی):گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے جمعہ کو پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما نوید چوہدری کی رہائش گاہ پر جا کر ان کی عیادت کی۔
ملاقات کے دوران نوید چوہدری کے بیٹے عفران نوید، فرقان نوید اور پیپلز پارٹی کے رہنما اشعر رانا، احسن رضوی سمیت دیگر شخصیات موجود تھیں ۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے اکوڑہ خٹک میں ہونے والے دہشتگردی کے واقعے کو افسوسناک قرار دیا ۔
انہوں نے صوبائی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان کی دلچسپی ہر چیز میں ہے، سوائے امن و امان کے قیام کے۔فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ انہوں نے امن و امان کے معاملے پر آل پارٹیز کانفرنس بلائی، جس میں تحریک انصاف کے علاوہ تمام سیاسی جماعتوں نے شرکت کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملک بھر سے علما و مشائخ کو گورنر ہاس پشاور بلا کر امن کا پیغام دیا گیا تھا۔انہوں نے وزیراعلی خیبرپختونخوا پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ اسلام آباد فتح کرنے کے دعوے کرتے ہیں لیکن اپنے ہی ضلع کرم میں امن قائم نہیں کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کا واحد ایجنڈا اپنے بانی کے لیے این آر او لینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ان کے ہاتھ صاف ہیں تو عدالتوں میں جائیں، اگر جرائم ثابت ہوئے تو سزا ہوگی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=567429