گورنر خیبرپختونخوا کا جیمز اینڈ جیمالوجیکل انسٹی ٹیوٹ آف پاکستان کے پشاور دفتر کا دورہ

3

پشاور۔ 24 جون (اے پی پی):گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کا جیمز اینڈ جیمالوجیکل انسٹی ٹیوٹ آف پاکستان کے پشاور دفتر کا دورہ کیا ۔ گورنر ہاوس پشاور حکام کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق گورنر نے ادارہ میں قیمتی پتھروں کی کٹنگ، پالشنگ کا تربیتی کورس مکمل کرنے والے 25 طلبہ میں سرٹیفکیٹس تقسیم کئے۔گورنر خیبرپختونخوا کو جی ایم نوید محسود کی جانب سے ادارہ کے اغراض و مقاصد اور مجموعی کارکردگی پر بریفنگ دی گئی ۔

اس موقع پر ڈائریکٹر ٹی ڈی اے پی پشاور نعمان بشیر بھی موجود تھے۔ اس موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر خیبرپختونخوا نےوفاقی حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اسے قیمتی پتھروں کی صنعت کو فروغ دینا چاہئے، یہ ادارہ محدود وسائل میں انتہائی کم لاگت پر نو جوانوں کو تربیتی کورسز کروا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ صوبہ سے جیمز کی ایکسپورٹ پر پابندی کو ختم کرانے کے لئے کردار ادا کروں گا۔انہوں نے کہا کہ اس صوبہ میں قیمتی پتھر سونے کے ذخائر کے برابر کے ہیں، یہ ادارہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے، عدم سہولیات پر دکھ ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا قیمتی اور نیم قیمتی معدنی وسائل سے مالا مال ہے، وقت آ گیا ہے کہ ان وسائل کو مقامی ہنر مندوں کے ذریعے عالمی سطح پر متعارف کرایا جائے۔