پشاور۔ 28 فروری (اے پی پی):خیبر پختونخوا کے گورنر فیصل کریم کنڈی نے جمعہ کو جامعہ حقانیہ اکوڑہ خٹک، نوشہرہ میں ہونے والے دھماکے کی مذمت کی اور جمعیت علماء اسلام (س) کے سربراہ مولانا حمید الحق حقانی کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔
گورنر نے کہا کہ مرحوم مولانا حمید الحق حقانی کی دینی اور سیاسی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گاانہوں نے شہداء کی مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔گورنر کنڈی نے جامعہ حقانیہ دھماکے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے سینئر حکام سے تفصیلی رپورٹ طلب کر لی۔
انہوں نے اس حملے کی مذمت کرتے ہوئے اسے اسلام اور پاکستان دشمن قوتوں کی سازش قرار دیا۔صوبائی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے گورنر کنڈی نے سوال اٹھایا کہ آخر کب تک صوبہ حکام اور خیبر پختونخوا حکومت کی نااہلی کی سزا بھگتتا رہے گا ۔