
لاہور۔29اگست (اے پی پی):گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی سے جمعرات کے روز قائم مقام ایم ڈی سوئی نادرن گیس پائپ لائنزارباب ثاقب نے یہاں گورنر ہائوس میں ملاقات کی جس میں فیصل کریم کنڈی نے موسم سرما کے دوران گیس پریشر میں کمی پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا اور کے پی کے میں گیس کے مسائل کو حل کرنے کی ہدایت کی ۔
گورنر خیبر پختونخوا نے سوئی نادرن گیس پائپ لائنزکے حکام کو ہدایت کی کہ وہ کے پی میں گیس لوڈشیڈنگ پر قابو پانے کیلئے موثر اقدامات کریں اور آئندہ موسم سرما کے دوران صارفین کو بلا تعطل گیس کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔قائم مقام ایم ڈی ایس این جی پی ایل نے کے پی کے گورنر کو صوبہ کے صارفین کو درپیش مسائل کے حل کیلئے کئے اقدامات بارے آگاہ کیا اور لوگوں کو مزید ریلیف فراہم کرنے کے لیے اضافی اقدامات کرنے کی یقین دہانی کروائی۔
انہوں نے گورنر کو بتایا کہ ڈیرہ اسماعیل خان میں گیس پائپ لائن کی توسیع کا کام شروع ہو چکا ہے جبکہ کوٹلہ سیداں و دیگر علاقوں میں گیس پائپ لائن بچھانے کے کام کا آغاز جلد ہوگا۔انہوں نے کہا کہ تحصیل ہیڈ کوارٹر درابن کو کوٹ پالک کے گیس ذخائر سے گیس کی فراہمی بہت جلد شروع ہو جائے گی جبکہ شیوہ گیس پائپ لائن کی بچھائی تیز رفتاری سے جاری ہے اور کوٹ پالک کے گیس ذخائر کو قومی گیس پائپ لائن سے جوڑنے کا کام بھی جاری ہے تاکہ ڈی آئی خان کے علاقے کوٹ درابن کو گیس فراہم کی جا سکے۔ ارباب ثاقب نے فیصل کریم کنڈی کو شیوہ اور بیٹنی آئل فیلڈز کے بارے میں بھی بریفنگ دی۔