پشاور۔ 09 جولائی (اے پی پی):گورنر خیبر پختونخواہ فیصل کریم کنڈی سے چیئرمین پاکستان ڈیویلپمنٹ فاؤنڈیشن (پی ڈی ایف) محمد بلال سیٹھی نے ملاقات کی ، پیپلز پارٹی کے صوبائی صدر محمد علی شاہ باچا بھی اس موقع پر موجود تھے ،گورنر ہاؤس پشاور میں ہونے والی ملاقات میں بلال سیٹھی نے گورنر کو ادارے کی کارکردگی پر بریفنگ دی اور نوجوانوں کی شمولیت کیلئے اٹھائے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا ۔
انہوں نے گورنر خیبر پختونخواہ فیصل کریم کنڈی کو ماحولیاتی تبدیلی کے حوالے سے لوگوں میں شعور اجاگر کرنے کے منصوبے پر بھی بریفنگ دی گورنر خیبر پختونخواہ کی سربراہی میں ڈیزائن دیئے گئے پراجیکٹ کے تحت بین الاقوامی سطح پر قدرتی آفات کے سبب پیش آنے والی تباہ کاریوں پر پاکستان کا مقدمہ پیش کیا جائیگااور اس حوالے سے کلائمیٹ جسٹس فار پاکستان پر ڈیبیٹس منعقد کی جائیں گی گورنر فیصل کریم کنڈی نے پی ڈی ایف کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخواہ میں حکومت نوجوانوں کے نام پر آئی ہے مگر نوجوانوں کو ہی نظر انداز کیا جا رہا ہے۔
کرکٹ کے نام پر جیتنی والی پارٹی گزشتہ دو دہائیوں سے زائد عرصہ گزر جانے کے باوجود کھلاڑیوں کیلئے ایک سٹیڈیم نہیں بنا سکی، پورے صوبے میں نوجوانوں کی جسمانی صحت اور ایکسرسائز کیلئے کوئی اسٹینڈرڈ کا جم موجود نہیں ہے، انہوں نے کہا کہ گورنر ہاؤس صوبے کی بہتری کیلئے سپورٹس ٹورازم شروع کررہا ہے سپورٹس ٹورازم کا آئیڈیا نوجوان کھلاڑیوں کے جذبہ ابھارنا ہے۔