پشاور۔ 22 نومبر (اے پی پی):گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی سے نگران وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق خلیل جارج کی گورنر ہاؤس میں ملاقات کی۔ انہوں نے ملاقات میں صوبہ کے مجموعی حالات بالخصوص انسانی حقوق کی صورتحال سے متعلق تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے ملاقات میں خیبر پختونخوا سمیت ملک بھر سے افغان مہاجرین کی باعزت واپسی میں انسانی حقوق کے تمام تقاضوں کو پورا کرنے پر بھی گفتگو کی۔
ملاقات میں انسانی حقوق کے تحفظ سے متعلق قانونی امور اور حکومتی پالیسیاں و حکومتی اقدامات بھی زیر بحث رہے۔ گورنر نے کہا کہ حقوق العباد کو دین اسلام میں بہت مقدم قرار دیا گیا ہے۔مذہب اسلام میں حقوق العباد اور انسانیت کی خدمت کی بہت تاکید کی گئی ہے۔ حاجی غلام علی نے کہا کہ انسانی حقوق کے تحفظ سے پرامن اور مہذب معاشرے کا قیام ممکن ہے،معاشرتی فرائض کی ایمانداری سے ادائیگی میں کسی بھی انسان کی حق تلفی نہیں ہو سکتی۔