اسلام آباد۔30اکتوبر (اے پی پی):گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے امریکہ میں مسلم کمیونٹی کے رہنمااور صدر ٹرمپ کی الیکشن فنانس کمیٹی کے رکن ساجد تارڑ سے بدھ کو یہاں میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی بشمول امریکی انتخابات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما ندیم افضل چن بھی ان کے ہمراہ تھے۔
اس موقع پر ساجد تارڑ نے گورنر فیصل کریم کنڈی کو بتایا کہ امریکی کانگریس کا وفد پشاور کا دورہ اور وہاں کے تاریخی اور ثقافتی مقامات کو دیکھنا چاہتا ہے جس پر گورنر فیصل کریم کنڈی نے انہیں خوش آمدید کہا۔فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پاکستان امریکی سیاسی قیادت کے ساتھ قریبی روابط رکھنے کا خواہاں ہے اور امید رکھتے ہیں کہ انتخابات کے نتیجے میں جو بھی حکومت آئے اسلام آباد اور واشنگٹن کے تعلقات میں گرمجوشی آئے گی۔