پشاور۔ 28 نومبر (اے پی پی):گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی سے شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی عہدیداروں کے وفد کی گورنر ہاؤس میں ملاقات کی۔وفد میں مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ شبیر حسن میثمی، مرکزی نائب صدر علامہ محمد رمضان توقیر،مرکزی سیکرٹری اطلاعات زاہد علی آخونزادہ ،پیپلزپارٹی کے صوبائی صدر نجم الدین اور سابق وفاقی وزیر ساجد حسین طوری موجود تھے۔ملاقات میں وفد نے ضلع کرم میں حالیہ کربناک واقعات میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر صوبائی حکومت کی غیرسنجیدگی پر افسوس کا اظہار کیا۔
وفد نے گورنر کو حالیہ فائرنگ کے واقعہ میں 40 کے قریب شدید زخمیوں کی پاڑا چنار سے منتقلی کیلئے معاونت کی درخواست کی۔وفد نے گورنر سے پاڑا چنار میں راستوں کی بندش سے اشیائے خورد و نوش و ادویہ پہنچا نے کے لیے فوری اقدامات کا بھی مطالبہ کیا،حالیہ افسوناک واقعات کے بعد صورتحال مزید خراب ہو گئی جس پر قابو پانا اشد ضروری ہے۔گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے وفد کو یقین دلایا کہ ضلع کرم کے عوام کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا،گورنر نے وفد کو زخمیوں کی منتقلی اور اشیائے خوردونوش، ادویہ کی فراہمی کیلئے متبادل سفری راستہ کا فوری بندوبست کرنیکی یقین دہانی کرائی۔
وفد سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کندی کا کہنا ہے کہ تمام تنازعات، جنگوں اور مسائل کا حل مزاکرات پر ہی ختم ہوتا ہے، سیاسی جماعتوں کے نمائندوں کو ساتھ لیکر ضلع کرم کے عوام کے پاس جاؤں گا۔انہوں نے کہا کہ پشتون روایات کے مطابق مل بیٹھ کر امن اور صلح صفائی کی بات کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ ضلع کرم کے معاملات کو مل بیٹھ کر سنجیدگی سے سننا اور سمجھنا ہو گا۔