پشاور۔ 14 جنوری (اے پی پی):گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی سے ضم اضلاع کے اقلیتی برادری کے نمائندہ وفد نے گورنر ہائوس میں ملاقات کی ہے ۔ملاقات میں سابق صوبائی وزیر ولسن وزیر کی قیادت میں وفد نےگورنر کو ضم اضلاع میں مقیم اقلیتیی برادری کو درپیش مسائل و مشکلات سے آگاہ کیا ۔
وفد نے ضم اضلاع میں سالانہ ترقیاتی پروگرام سے منظور شدہ ترقیاتی منصوبوں کے آغاز میں تاخیر سے متعلق اپنی تشویش کا اظہار کیا ۔ملاقات میں ملکی سلامتی و ترقی کیلئے خصوصی دعا بھی کی گئی۔وفد نے گورنر کو ضلع کرم کی موجودہ صورتحال میں وہاں مقیم اقلیتی برادری کو خوراک و ادویات فراہمی کی بھی درخواست کی۔
وفد نے گورنر کو اقلیتی برادری کیلئے قبرستان، ملازمتوں میں مقامی سطح پر اقلیتوں کو ترجیح دینے سمیت دیگر مطالبات بھی پیش کئے ۔ملاقات گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ضم اضلاع آئینی و قانونی طور پر اب صوبہ کا حصہ ہیں، ضلع کرم میں روزانہ کی بنیاد پر ہلال احمر خوراک و دیگراشیاء فراہم کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اقلیتیں پاکستانی شہری ہیں جن کے تمام حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جا رہا ہے، ضم اضلاع میں مقیم اقلیتی برادری سمیت قبائلی عوام کے احساس محرومی کا خاتمہ یقینی بنائیں گے۔