گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی سے کوہاٹ اور کرک یونیورسٹیوں کے وائس چانسلر کی ملاقات

229
Faisal Karim Kundi

پشاور۔ 21 جولائی (اے پی پی):گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی سے کوہاٹ یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اور خوشحال خان خٹک یونیورسٹی کرک کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد نصیر الدین نے گزشتہ روز گورنر ہاؤس پشاور میں ملاقات کی۔

خوشحال خان خٹک یونیورسٹی کرک کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ملاقات میں دونوں یونیورسٹیوں کو درپیش تعلیمی اور مالی مسائل زیر بحث آئے۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد نصیر الدین نے گورنر کو پنشن،تنخواہوں اور دونوں یونیورسٹیوں کو درپیش بجٹ کی رکاوٹوں سے متعلق مسائل سے آگاہ کیا۔ گورنر خیبر پختونخوا نے ان مسائل کو مؤثر طریقے سے حل کرنے کے لیے فنڈنگ ​​اور پائیدار وسائل کی ضرورت پر زور دیا۔

وائس چانسلر گورنر فیصل کریم کنڈی کو کوہاٹ یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کا دورہ کرنے کی دعوت دی جو انہوں نے قبول کرلی۔ فیصل کریم کنڈی نے یونیورسٹیوں میں منشیات کے استعمال سے نمٹنے کےلیے سخت اقدامات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہاکہ کسی بھی بیرونی دباؤ سے تعلیمی سالمیت پر سمجھوتہ نہیں کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کی یونیورسٹیاں موثر انتظام اور وسائل کو متحرک کرنے کی کوششوں کے ذریعے مالی خودمختاری کے لیے جدوجہد کریں۔

گورنر کی قیادت پر اپنے اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد نصیر الدین نے امید ظاہر کی کہ ان کی متحرک چانسلر شپ کے تحت خوشحال خان خٹک یونیورسٹی کرک اور کوہاٹ یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی دونوں اپنے موجودہ چیلنجز پر کامیابی سے قابو پالیں گے اور اس بات کو یقینی بنانے کے لئے اپنے عزم کا اعادہ کیا کہ طلباء کو معیاری تعلیم حاصل ہو گی جو انہیں مالی استحکام اور عملی زندگی میں کامیابی کے لیےتیار کرے گی۔ گورنر نے خیبرپختونخوا کی یونیورسٹیوں میں تعلیمی بہتری اور ترقی کےلیے سازگار ماحول پیدا کرنے کا اعادہ کیا۔