گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی سے پرائیویٹ چارٹرڈ یونیورسٹیز فورم خیبر پختونخوا کے نمائندہ وفد کی گورنر ہاوس میں ملاقات

122

پشاور۔ 14 جنوری (اے پی پی):گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی سے پرائیویٹ چارٹرڈ یونیورسٹیز فورم خیبر پختونخوا کے نمائندہ وفد نے گورنر ہاوس میں ملاقات کی ۔گورنر ہاوس پشاور حکام کی جانب سے جاری شدہ بیان کے مطابق ڈاکٹر محمد عمران اللہ کی قیادت میں وفد میں اقراء، اباسین، پرسٹن،سیکاس، سٹی، ناردرن، قرطبہ اور سرحد یونیورسٹی کے ماہرین تعلیم شامل تھے۔وفد نے گورنر کو فورم کے زیرانتظام اعلٰی تعلیم کے فروغ کیلئے خدمات سے متعلق آگاہ کیا ۔

وفد نے پرائیویٹ یونیورسٹیز فورم کے حکومتی سطح پر تعلیمی تعاون کو فروغ دینے کیلئے لائحہ عمل و فریم ورک کی ضرورت پر زور دیا۔وفدنے گورنر کو فورم کے زیر انتظام اسٹوڈنٹس و فیکلٹی کی تعلیمی استعداد کو بڑھانے سے متعلق مختلف تجاویز بھی پیش کیں۔ملاقات میں گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ خیبر پختونخوا کی پبلک سیکٹرز یونیورسٹیاں شدید مالی و انتظامی مسائل سے دوچار ہیں، پبلک سیکٹرز یونیورسٹیوں کو صوبائی حکومت کیجانب سے گرانٹ نہ ملنے سے اعلٰی تعلیمی نظام متاثر ہو رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسٹوڈنٹس کی تعلیم متاثر نہیں ہونی چاہئے کیونکہ نوجوان نسل ہمارا مستقبل ہیں، معیاری تعلیم کی فراہمی میں نجی اعلٰی تعلیمی اداروں کی خدمات قابل تحسین ہیں۔انہوں نے کہا کہ نجی تعلیمی اداروں کا مالی، انتظامی نظم وضبط اور تعلیمی معیار متاثر کن ہے۔فورم کیجانب سے گورنر خیبر پختونخوا کو سووینئر بھی پیش کیا گیا