گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کا قومی خبر رساں ادارے اے پی پی کا دورہ، منیجنگ ڈائریکٹر محمد عاصم کھچی کی اے پی پی نیٹ ورک بارے بریفنگ

234

اسلام آباد۔21جون (اے پی پی):گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے جمعہ کو قومی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی) کا دورہ کیا، اے پی پی ہیڈ کوارٹر آمد پر ادارے کے منیجنگ ڈائریکٹر محمد عاصم کھچی ، ادارے کے افسران ،ورکرز اور اے پی پی یونین کے قائدین نے گورنر کا پر تپاک استقبال کیا۔

بعد ازاں گورنر سے ملاقات کے دوران ایم ڈی اے پی پی نے گورنر خیبر پختونخوا کو اے پی پی کے نیٹ ورک ، نیوز سروسز اور دیگر امور سے متعلق تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اے پی پی اردو، انگریزی ، سندھی، بلوچی ، پشتو ، عربی ، سرائیکی اور چائنیز سمیت متعدد زبانوں میں خبریں اور فیچرز قومی، علاقائی اور عالمی اخبارات کو فراہم کر رہا ہے، اس کے علاوہ ویڈیوز اور ڈیجیٹل سروس کے ذریعے خبریں الیکٹرانک ذرائع ابلاغ کو بھی فراہم کی جا رہی ہیں۔

اس موقع پر گورنر خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کہ اے پی پی ریاستی میڈیا کا ایک اہم حصہ ہے جو نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں ملک کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے اور نظریہ پاکستان کے بیانیہ کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

فیصل کریم کنڈی نے خیبر پختونخوا میں اے پی پی کے نیٹ ورک کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے پر زور دیا جس پر ایم ڈی اے پی پی نے یقین دہانی کروائی کہ خیبر پختونخوا میں اے پی پی کے نیٹ ورک کو مزید بہتر بنانے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔ گورنر کے پی فیصل کریم کنڈی نے اس موقع پر اے پی پی کے مختلف شعبوں کا بھی دورہ کیا ۔