اسلام آباد۔23مئی (اے پی پی):گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کنگ سلمان ریلیف سنٹر اسلام آباد ہیڈ آفس کا دورہ کیا۔ ادارے کے سربراہ عبداللہ البقائمی نے گورنر کا استقبال کیا اور ان کو جاری رفاہی منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔
بریفنگ کے دوران فیصل کریم کنڈی کو بتایا گیا کہ کنگ سلمان ریلیف سنٹر پاکستان کے چاروں صوبوں اور خصوصاً خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں رفاہی سرگرمیاں انجام دے رہا ہےجن میں مقامی شراکت دار تنظیموں کے ساتھ مل کر فوڈ آئٹمز کی تقسیم بھی شامل ہے،بعض اوقات این او سی نہ ملنے کے باعث ادارے کو کام میں مشکلات کا سامنا بھی کرنا پڑتا ہے،ادارے نے ڈیرہ اسماعیل خان میں سیلاب متاثرہ علاقوں کے لئے جدید سہولیات سے آراستہ ماڈل ویلج کی تعمیر کا آغاز کیا ہے جہاں ایک ڈسپنسری اور سکول بھی قائم کیا جائے گا۔
بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں 19 واٹر فلٹریشن پلانٹس نصب کرنے کا منصوبہ بھی زیر غور ہے جبکہ اب تک پانچ ہزار ویدر کٹس بھی تقسیم کی جا چکی ہیں۔گورنر فیصل کریم کنڈی نے کنگ سلمان ریلیف سنٹر کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ بطور صدر ہلال احمر خیبر پختونخوا میں نے پشاور میں فری ایمبولینس سروس کا آغاز کیا ہے جس کو جلد ہی پورے صوبے تک وسعت دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ ہلال احمر مختلف اداروں کے ساتھ مل کر رفاہی کام سرانجام دے رہی ہے۔ اس موقع پر ہلال احمر خیبرپختونخوا کے وائس چیئرمین فرزند علی وزیر بھی گورنر کے ہمراہ تھے۔ انہوں نے کنگ سلمان ریلیف سنٹر سے ایمبولینس سروس اور دیگر رفاہی منصوبوں میں تعاون کی درخواست بھی کی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=600639