گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کا ایڈورڈز کالج کا دورہ، ضم اضلاع کے طلباء میں وظائف تقسیم کئے

117

پشاور۔ 06 دسمبر (اے پی پی):گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے ایڈورڈز کالج پشاور کا دورہ کیا جہاں انہوں نے ضم شدہ اضلاع کے طلباء میں وظائف تقسیم کئے۔اس اقدام کا مقصد ان پسماندہ علاقوں کے طلباء کو اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے میں مدد کرنا اور انہیں تعلیمی کامیابی کےلیے وسائل تک رسائی یقینی بنانا ہے۔

جمعہ کو اپنے دورے کے دوران گورنر خیبر پختونخوا نے طلباء سے خطاب کرتے ہوئے انہیں یقین دلایا کہ وہ ان کے تعلیمی سفر میں درپیش کسی بھی طرح کے مسائل کو حل کرنے کےلیے پرعزم ہیں۔ انہوں نے طلباء کو درپیش چیلنجوں سے نمٹنے کےلئے لگن پر زور دیا اور یقین دلایا کہ حکومت ان کو ضروری مدد فراہم کرے گی،وہ امن کی بحالی اور صوبے کے شہریوں کے حقوق کے تحفظ کےلیے اپنی کوششوں میں تمام سیاسی جماعتوں کی حمایت حاصل کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا اجتماعی مقصد خیبر پختونخوا میں امن اور استحکام لانا اور اس کے تمام لوگوں کی بھلائی کے لیے کام کرنا ہے۔ گورنر نے طلباء پر زور دیا کہ وہ مستقبل کے چیلنجوں سے نمٹنے کےلیے جدید تعلیم حاصل کرنے پر توجہ دیں کیونکہ آج کی دنیا میں علم طاقت ہے اور یہ آپ کےلیے ضروری ہے کہ آپ اپنے آپ کو تیزی سے بدلتے ہوئے عالمی منظر نامے میں کامیاب ہونے کےلیے ضروری مہارتوں سے آراستہ کریں۔ان کے دورے کو خیبرپختونخوا میں تعلیمی شعبے کے فروغ کے طور پر دیکھا گیا، خاص طور پر ان ضم شدہ اضلاع کے طلباء کے لیے جنہوں نے تاریخی طور پر متعدد چیلنجز کا سامنا کیا ہے۔

گورنر فیصل کریم کنڈی نے صوبے بھر کے طلباء کو گورنر ہاؤس کے دورہ کرنے اور ای میل کے ذریعے براہ راست ان کے ساتھ رابطہ کرنے کی دعوت دی۔ گورنر خیبر پختونخوا نے صوبے کے نوجوانوں کے ساتھ اپنی وابستگی کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں میں کھیلوں اور ہنر کی ترقی دونوں کو فروغ دینا ان کی شدید خواہش ہے،مجھے یقین ہے کہ نوجوان ٹیلنٹ کو پروان چڑھانا، چاہے وہ کھیلوں میں ہو یا پیشہ ورانہ مہارتوں میں، ہمارے صوبے کے مستقبل کے لیے ضروری ہے

انہوں نے کہا کہ وہ ایسے اقدامات کی حمایت کریں گے جو ہمارے نوجوانوں کو نہ صرف علمی طور پر بلکہ دیگر شعبوں میں بھی ترقی کرنے کے قابل بنائے جو ان کی مجموعی ترقی میں اپنا حصہ ڈالیں۔

گورنر نے ایک ایسے ماحول کو فروغ کےلیے اپنے عزم کا بھی اعادہ کیا جہاں طلباء مختلف شعبوں میں ترقی کر سکیں اور جہاں ان کو کھیلوں اور ہنر سیکھنے کے پروگراموں میں وہ توجہ اور وسائل ملیں جس کے وہ مستحق ہیں۔قبل ازیں کالج کے پرنسپل شجاعت علی خان نے تعلیم کی حمایت کےلیے گورنر کی کوششوں اور طلبہ کے تحفظات کو دور کرنے کےلیے ان کے عزم کو سراہا۔