گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کی واہگہ بارڈر آمد

77

لاہور۔1جون (اے پی پی):گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کی واہگہ بارڈر آمد،واہگہ بارڈر پہنچنے پر سیکٹر کمانڈر رینجرز بریگیڈئیر اشفاق نے گورنر خیبرپختونخوا کا استقبال کیا۔ ترجمان گورنر ہائوس کے مطابق گورنر خیبر پختونخوا کی واہگہ بارڈر پر پرچم اتارنے کی پروقار تقریب میں شرکت کی۔

گورنر نے پروقار تقریب میں سیکیورٹی پر مامور پاکستان رینجرز کے جوانوں اور تقریب میں شریک عوام کے ولولہ انگیز جذبہ کو سراہا۔تقریب کے اختتام پر گورنر کو بارڈر کی حدود، عالمی قوانین کے مطابق سیکیورٹی امور سے متعلق بھی آگاہ کیا گیا۔

گورنر نے واہگہ بارڈر پر موجود مہمانوں کی کتاب میں تاثرات بھی درج کئے اور واہگہ بارڈر پر پاکستان کے چاروں صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کی ثقافت پر مشتمل میوزیم کا بھی معائنہ کیا۔

اس موقع پر گورنر نے کہا کہ واہگہ بارڈر پر عوام کا وطن سے محبت و عقیدت کا دلفریب منظر دیکھنے کو ملتا ہے، ملکی سرحدوں کی محافظ سیکیورٹی فورسز کی جرآت و بہادری کو سلام پیش کرتے ہیں۔