اسلام آباد۔16مارچ (اے پی پی):گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے سویٹ ہومز کے یتیم بچوں کے اعزاز میں مقامی ہوٹل میں 15ویں روزے کی سحری کا اہتمام کیا۔ اس روحانی اور پُرخلوص محفل میں سویٹ ہوم کے سی ای او زمرد خان، تاجر برادری، شعراء، ادیب، سماجی شخصیات اور دیگر معزز مہمانوں نے شرکت کی جبکہ سویٹ ہوم کے بچوں نے بھی خصوصی طور پر اس سحری میں شمولیت اختیار کی۔
اتوار کو گورنر آفس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سحری سے قبل ایک روحانی محفل سماع کا اہتمام کیا گیا جس میں قوالوں نے نعتیہ کلام اور منقبت پیش کر کے محفل کو روحانی کیف و سرور بخشا۔ اس موقع پر سویٹ ہوم کی خدمات کو اجاگر کرنے کے لیے ایک دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی، جس میں یتیم بچوں کی تعلیم و تربیت اور فلاح و بہبود کے حوالے سے سویٹ ہوم کے اقدامات کو نمایاں کیا گیا۔
سویٹ ہوم کے سی ای او زمرد خان نے گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کا یہ اقدام نہ صرف یتیم بچوں کی حوصلہ افزائی کیلئے ہے بلکہ معاشرے میں ایک مثبت پیغام بھی دے رہا ہے کہ ہم سب کو ضرورت مندوں کی مدد کرنی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ سویٹ ہومز پورے ملک کے مختلف علاقوں سے یتیم بچوں اور بچیوں کو معیاری تعلیم، رہائش اور دیگر بنیادی سہولیات فراہم کر رہا ہے تاکہ یہ بچے بھی ایک روشن مستقبل کی طرف گامزن ہو سکیں اور ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے اپنے خطاب میں زمرد خان اور سویٹ ہوم کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ یتیم اور بے سہارا بچوں کی کفالت کرنا ایک عظیم عبادت ہے، انسانیت کی خدمت کا جذبہ رکھنے والے ہی اللہ تعالیٰ کی قربت کے حقدار ہوتے ہیں۔
انہوں نے مخیر حضرات، کاروباری شخصیات اور معاشرے کے دیگر طبقات سے اپیل کی کہ وہ بھی زمرد خان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ضرورت مند اور بے سہارا بچوں کی مدد کے لیے آگے آئیں تاکہ یہ معصوم بچے بھی ایک محفوظ اور خوشحال زندگی گزار سکیں۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم اور کردار سازی ہی وہ بنیادی عناصر ہیں جو ان بچوں کو کارآمد شہری بنانے میں مددگار ثابت ہوں گے، سویٹ ہومز اس مشن کو بھرپور طریقے سے آگے بڑھا رہا ہے۔
تقریب کے اختتام پر گورنر خیبر پختونخوا نے سویٹ ہوم کے بچوں کے ساتھ سحری کی اور ان سے غیر رسمی گفتگو بھی کی۔ بچوں نے اپنے تعلیمی سفر اور مستقبل کے خوابوں کے بارے میں گورنر کو آگاہ کیا، جس پر گورنر نے ان کی حوصلہ افزائی کی اور انہیں تعلیم پر خصوصی توجہ دینے کی نصیحت کی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=573267