گورنر خیبر پختونخو ا نے متاثرین کرم کی امداد کیلئے اوورسیز پاکستانیوں پر مشتمل مشترکہ کمیٹی قائم کر دی

85

پشاور۔ 23 دسمبر (اے پی پی):گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے متاثرین کرم کی امداد کیلئے اوورسیز پاکستانیوں پر مشتمل مشترکہ کمیٹی قائم کر دی ۔

گورنر ہاؤس پشاور سے جاری بیان کے مطابق گورنر خیبر پختونخوا کی ہدایت پر ہلال احمر خیبرپختونخوا دفتر میں خصوصی سیل اورمشترکہ امدادی کمیٹی کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔

کمیٹی کے اراکین میں اوورسیز پاکستانی کمیونٹی کے ڈاکٹر علی رضا ، ڈاکٹر قمبر جعفری ، ڈاکٹر میر اصغر شامل ہیں۔ہلال احمر خیبرپختونخوا کے وائس چیئرمین فرزند علی ، ضم اضلاع کے چیئرمین عمران وزیر ، پی ایس او ٹو گورنر تنویر حسین ملک بھی کمیٹی اراکین میں شامل ہیں،گورنر کی جانب سے قائم کردہ کمیٹی کرم پاڑاچنارکے متاثرین کو امداد کی فراہمی اور ریلیف سرگرمیوں کیلئے کردار ادا کرے گی۔

واضح رہے کہ گورنر خیبر پختونخوا نے چند روز قبل اوورسیز پاکستانیوں کے ساتھ کرم پاڑاچنار میں امدادی سرگرمیوں کیلئے آن لائن وڈیو کانفرنس منعقد کی تھی،کمیٹی کا قیام مذکورہ آن لائن وڈیو کانفرنس کے روشنی میں عمل میں لایا گیا،اوورسیز پاکستانیوں نے وڈیو کانفرنس میں گورنر خیبر پختونخوا کو کرم پاڑاچنار میں انسانی بنیادوں پر امدادی سرگرمیوں کیلئے خدمات فراہمی کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔