لاہور۔2جون (اے پی پی):گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے گورنر ہائوس لاہور میں بدھا داسنا مذہبی اور ثقافتی امور کے وزیر ودورا وکرمانا کرمائکا کی قیادت میں سری لنکن وفدنے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور سمیت دونوں ممالک کے مابین اقتصادی، سیاحت اور دیگر شعبوں کے فروغ پرتبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب سلیم حیدر خان نے کہا کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان خوشگوار تعلقات ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان پہلے سے موجود دو طرفہ تعاون کو مزید فروغ دیا جاسکتا ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان سری لنکا کے ساتھ ثقافتی تعلقات کو گہرا کرنے اور دونوں ممالک کے درمیان روابط کو فروغ دینے میں پرعزم ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سری لنکا کے مابین تجارت اور سیاحت کے شعبے میں فروغ دے کر دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید وسعت دی جاسکتی ہے۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان میں تاریخی مقامات ٹیکسلا، تخت بائی اور وادی سوات میں قدیم بدھ مت کے آثار ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں موجود بدھ مت کی آثار قدیمہ کی یادگاریں ایک مضبوط ثقافتی ورثہ قائم کرتا ہے اور مذہبی سیاحت کو بڑھانے کے مواقع فراہم کرتا ہے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان اور سری لنکا کے مابین اقتصادی اور سیاحت کے شعبے میں تعاون کی نئی راہیں تلاش کرنے اور خطے میں پائیدار ترقی کو یقینی بنانے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم سری لنکا کو سیاحت اور مہمان نوازی کے شعبوں میں مشترکہ منصوبوں کے امکانات اور سیاحت کے شعبے میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہیں۔گورنر پنجاب نے مزیدکہا کہ پاکستان جنوبی ایشیا میں امن اور تعاون کو فروغ دینے میں کوشاں ہے جس کا مفصد اقتصادی اور علاقائی ترقی ہے۔ وفد کے سربراہ نے پاکستان میں اپنے دورے کو بہترین قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ یہاں سے مفید معلومات اور خوشگوار یادیں لے کر جارہے ہیں۔ انہوں نے پاکستانیوں کی مہمانوازی اور خاص طور پر اہل لاہور کی زندہ دلی کی تعریف کی۔